بھارت نے پاکستان کیساتھ بین الاقوامی سرحد پر حملہ کر دیا

بھارتی فوج کی جانب سے شکرگڑھ کے محاذ پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کرنے پر چناب رینجرز کا منہ توڑ جواب

muhammad ali محمد علی جمعہ 20 ستمبر 2019 22:46

بھارت نے پاکستان کیساتھ بین الاقوامی سرحد پر حملہ کر دیا
شکرگڑھ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 ستمبر2019ء) بھارت نے پاکستان کیساتھ بین الاقوامی سرحد پر حملہ کر دیا، بھارتی فوج کی جانب سے شکرگڑھ کے محاذ پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کرنے پر چناب رینجرز کا منہ توڑ جواب۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے بعد اب بین الاقوامی سرحد پر بھی اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے صوبہ پنجاب میں شکرگڑھ کے محاذ پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج نے بین الاقوامی سرحد کا لحاذ بھی نہیں کیا اور شکرگڑھ میں سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ بھارتی فوج کی اس اشتعال انگیزی پر چناب رینجرز نے فوری حرکت میں آتے ہوئے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا ہے۔ چناب رینجرز کی جانب سے دیے جانے والے بھرپور اور منہ توڑ جواب کے بعد بھارتی فوج اپنی بندوقوں کو خاموش کرنے پر مجبور ہوگئی۔ یہاں واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے طویل عرصے سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، تاہم بین الاقوامی سرحد پر اشتعال انگیزی کا یہ واقعہ کافی عرصے بعد پیش آیا ہے۔ دفاعی ماہرین نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی سرحد پر کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ دونوں ممالک کو جنگ کی طرف دھکیل سکتے ہیں۔