نیشنل وویمن چیمپئن شپ ‘ پی سی بی ڈائنامائٹس کو مسلسل دوسری شکست

ہفتہ 21 ستمبر 2019 01:15

لاہور۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) قومی ٹرائنگولر ایک روزہ خواتین چیمپئن شپ کے تیسرے میچ میں پی سی بی چیلنجرز نے پی سی بی ڈائنامائٹس کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی‘ لاہور جمخانہ کلب گراؤنڈ میں جاری ایونٹ میں یہ پی سی بی ڈائنامائٹس کرکٹ ٹیم کی مسلسل دوسری ناکامی ہے‘فاتح ٹیم کی جانب سے 2 وکٹیں اور قیمتی 19 رنز اسکور کرنے پر ڈیانا بیگ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ہے‘پی سی بی ڈائنامائٹس کی جانب سے ندا ڈار کامیچ میں 4 وکٹیں حاصل کرنا رائیگاں گیا۔

اس سے قبل پی سی بی چیلنجرز کی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت ہوا‘ پی سی بی ڈائنامائٹس کی پوری ٹیم 46 اوورز میں 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی‘ ناہیدہ خان 36 رنز بنا کر نمایاں رہیں‘ پی سی بی ڈائنامائٹس کی 5 کرکٹرز ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکیں۔

(جاری ہے)

پی سی بی چیلنجرز کی جانب سے سیدہ عروب شاہ نے 34 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا‘ سعدیہ اقبال، صباء نذیر اور ڈیانا بیگ نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی‘پی سی بی چیلنجرز کے باؤلرز نے اننگز میں 23 اضافی رنز دئیے۔

پی سی بی چیلنجرز نے مطلوبہ ہدف 40ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پرپورا کرلیا۔ 134 رنز کے تعاقب میں پی سی بی چیلنجرز کی اننگز کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ رہا‘67 رنز پر اس کی 6 کرکٹرز پویلین واپس جاچکی تھیں‘اس موقع پر ارم جاوید اور ڈیانا بیگ کے درمیان7ویں وکٹ کے لیے 66 رنز کی شراکت نے پی سی بی چیلنجرز کو ایونٹ میں پہلی کامیابی دلائی‘ ارم جاوید نے 59 گیندوں پر 3 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 50 رنز بنائے‘ڈیانا بیگ نے ناقابل شکست 19 رنز بنائے‘ ندا ڈار نے 45 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ میں 2 وکٹیں اور قیمتی 19 رنز اسکور کرنے پرپی سی بی چیلنجرز کی ڈیانا بیگ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔ایونٹ کا چوتھامیچ21 ستمبر کو پی سی بی چیلنجرز اور پی سی بی بلاسٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔