Live Updates

پی ٹی آئی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور معاشی ترقی کیلئے اقدامات کررہی ہے ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

ہفتہ 21 ستمبر 2019 01:35

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور معاشی ترقی کے لئے بہت بڑے بڑے اقدامات کر رہی ہے۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے زیراہتمام منعقدہ "بزنس ویمن آف پاکستان کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستانی خواتین اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکرمعاشرے میں انقلابی تبدیلیاں لانے اور عالمی چیلنجوں سے لڑنے کی صلاحیت اور ہمت رکھتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں خواتین کی ترقی اور ان کی بااختیاری کو نظرانداز کیا گیا تھا جس نے خواتین کی ترقی کے راستے میں رکاوٹیں اور مشکلات پیدا کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے پرعزم ہے اور خواتین کی ترقی کے لئے خطیرفنڈز جاری کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ آرام دہ اور پرسکون زندگی بسر کرنے کے لئے ان کے رہائشی انداز میں تبدیلیاں لائی جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے نمایاں کردار ادا کررہی ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ معاشی ترقی اور استحکام کے لئے کاروباری برادری کے اعتماد کو بڑھانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے اب ملک معاشی محاذ پر مثبت پیش رفت کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اربوں درخت سونامی ایک عوامی مہم بن چکی ہے جبکہ پولی تھین بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کرنا اسی مہم کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس وقت پاکستان کو بہت سارے چیلنجوں کا سامنا ہے لیکن اولین ترجیحات غربت کی شرح کم کرنا ، افراط زرختم کرنا ، یکساں تعلیم ، صحت میں اصلاحات اور ماحولیاتی نظام میں بہتری لانا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات