سعودی عرب کے قومی دِن کی پانچ روزہ رنگا رنگ تقریبات کا آغاز ہو گیا

قومی دِن کی مناسبت سے مختلف شہروں میں موسیقی کی تقریبات اور آتش بازی کے شاندار مظاہرے ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ ستمبر 11:27

سعودی عرب کے قومی دِن کی پانچ روزہ رنگا رنگ تقریبات کا آغاز ہو گیا
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،21ستمبر 2019ء) سعودی عرب کے 89 ویں یومِ وطنی کی تقریبات کا آغاز گزشتہ روز ہو گیا۔ قومی دِن کی ان پانچ روزہ تقریبات کا سلسلہ 19 ستمبر 2019ء سے شروع ہو کر 23ستمبر 2019ء کی شب 11 بجے تک جاری رہے گا۔ عاجل ویب سائٹ کے مطابق یومِ وطنی کی مناسبت سے مختلف شہروں میں موسیقی کی تقریبات منعقد ہوں گی اس کے علاوہ آتش بازی کے شاندار مظاہرے بھی ہوں گے۔

یومِ وطنی کی بڑی تقریبات جدہ اور ریاض میں ہوں گی جبکہ دیگر شہروں میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جشن کی یہ تقریبات سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام منعقد ہوں گی۔اتھارٹی کے مطابق قومی دِن کی مناسبت سے سعودی مملکت کے مختلف علاقوں میں آتش بازی کے 7 لاکھ مظاہرے ہوں گے۔ بعض مقامات پر آتش بازی کے مظاہروں کی بلندی 300 میٹر تک ہو گی۔

(جاری ہے)

تاکہ عوام دُور دُور سے آتش بازی کے باعث آسمان پر بکھرنے والے رنگا رنگ نظاروں سے لطف اندوز ہو سکیں۔ اس سلسلے میں جدہ کورنیش کے علاقے میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ ہو گا۔کورنیش کی کئی میل لمبی پٹی پرآتشبازی کے لیے مخصوص پلیٹ فارمز تیار کیے گئے ہیں جبکہ تین مقامات پر خصوصی گیٹس بھی بنائے گئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے کورنیش تک جانے والے راستوں پر خصوصی پارکنگ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو مشکلا ت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس کے علاوہ مختلف تجارتی مالز کو بھی برقی قمقموں سے سجایا جا رہا ہے۔ان تقریب کے مقام پرقصر المصمک کی شکل کے ایک ہی طرز کے گیٹس بھی بنائے گئے ہیں، جو قومی وحدت کو ظاہر کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ سٹیج شوز، ثقافتی تقریبات اور قومی ترانوں کے پروگرام کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ساحلی مقامات پر بھی خصوصی تقریبات رکھی گئی ہیں، جہاں پر معروف عالمی برانڈز کی کمپنیوں کے سٹالز بھی لگائے جا رہے ہیں۔