فجیرہ: غیر مُلکی خاتون سے جسم فروشی کروانے پر دو افراد کو سزا ہو گئی

ایشیائی باشندوں نے خاتون کو ویٹرس کی نوکری دینے کے بہانے دُبئی بُلایا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 21 ستمبر 2019 12:57

فجیرہ: غیر مُلکی خاتون سے جسم فروشی کروانے پر دو افراد کو سزا ہو گئی
فجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،21ستمبر 2019ء) فجیرہ کی عدالت میں دو غیر مُلکیوں کو ایک خاتون کو جسم فروشی کے لیے مجبور کرنے کا الزام ثابت ہونے پر چھ، چھ ماہ قید کی سزا سُنا دی۔ اس کے علاوہ ان پر پانچ ، پانچ ہزار درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزمان نے خاتون کو ملازمت دینے کے بہانے دُبئی بُلایا تھا، مگر درحقیقت وہ اس سے جسم فروشی کروانا چاہتے تھے، خاتون کے انکار پر ملزمان نے اسے جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔

عربی اخبار امارت الیوم کے مطابق متاثرہ خاتون نے عدالت کو بتایا کہ اس کا تعلق ایک ایشیائی ملک سے ہے، اس سے اس کے دو ہم وطن ملزمان نے رابطہ کیا، اور اسے دُبئی میں ویٹرس کی نوکری آفر کی، جس کے لیے ماہانہ دو ہزار تنخواہ بھی طے پا گئی۔

(جاری ہے)

مقررہ تاریخ کو خاتون دُبئی ایئر پورٹ پر اُتری تو دونوں ملزمان اس کو لینے کے وہاں موجود تھے۔ جو اسے لے کر ایک اپارٹمنٹ میں چلے گئے۔

مگر وہاں جا کر خاتون کو پتا چلا کہ اس کے ساتھ بہت بڑا دھوکا ہو گیا ہے۔ یہاں پر ایک تیسرا شخص بھی موجود تھا، جس سے دونوں ملزمان نے پانچ ہزار درہم اس کے سامنے وصول کیے اور اسے اس بندے کے ساتھ جانے کو کہا۔ خاتون کو احساس ہو گیا کہ تیسرا شخص خواتین سے جسمانی کاروبار کروانے والا ہے۔ جب اس نے اس کے ساتھ جانے سے انکار کیا تو ملزمان نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔ بعد میں خاتون نے کسی طریقے سے پولیس کو اطلاع کر دی تو پولیس کی ایک ٹیم نے اپارٹمنٹ پر چھاپہ مار کر خاتون کو بازیاب کروا لیا۔ سزا سُنائے جانے والے دونوں افراد کو سزا کی مُدت پُوری ہونے کے فوراً بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔