بزرگ خاتون کے ساتھ بد تمیزی کرنے والا پولیس اہلکار محمد آصف نوکری سے برخاست کر دیا گیا

آئی جی پنجاب نے محمد آصف کے غیر ذمہ دارانہ رویے کیخلاف محکمانہ انکوائری کا حکم دیا تھا

ہفتہ 21 ستمبر 2019 13:40

بزرگ خاتون کے ساتھ بد تمیزی کرنے والا پولیس اہلکار محمد آصف نوکری سے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2019ء) سنٹرل پولیس آفس کے گیٹ پر بزرگ خاتون کے ساتھ بد تمیزی کرنے والا پولیس اہلکار محمد آصف نوکری سے برخاست کر دیا گیا ۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر)عارف نواز خان نے محمد آصف کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے خلاف محکمانہ انکوائری کا حکم دیا تھا۔ ڈی ایس پی سید ریاض علی شاہ نے انکوائری رپورٹ میں اہلکار محمد آصف کو سخت سزا کی سفارش کی تھی۔

ایس ایس پی /بٹالین کمانڈرمفاخر عدیل نے محمد آصف کو انکوائری رپورٹ کی روشنی میں نوکری سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کیے۔ محمد آصف نے 80سالہ بزرگ خاتون کنندن بی بی کے ساتھ بد کلامی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اردل روم میں پیشی کے دوران بھی محمد آصف زبانی اور تحریری طور پر اپنے غیر ذمہ دارانہ رویے کے متعلق تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔

(جاری ہے)

محمد آصف کے غیر ذمہ دارانہ رویے اور بد اخلاقی کی بدولت بطورپنجاب پولیس وقار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے۔

پنجاب پولیس رولز(ای اینڈ ڈی)1975کے تحت محمد آصف کو میجر پنشمنٹ دیتے ہوئے نوکری سے برخاست کردیا گیا۔ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ شہریوں کے ساتھ بد تمیزی کا رویہ اختیار کرنے والے افسر ان و اہلکار وں کی محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔ پبلک ڈیلنگ میں ایس او پیز کے خلاف ورزی پر ذمہ داران کے خلاف محکما نہ اور قانونی کارروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے۔

متعلقہ عنوان :