Live Updates

وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کشمیری عوام کی آواز بلند، ان کے مسائل اجاگر کریں گے، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی

ہفتہ 21 ستمبر 2019 13:49

وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کشمیری عوام کی آواز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کشمیری عوام کی آواز بلند کریں گے، اس موقع پر وزیراعظم کشمیر کی صورتحال پر توجہ مرکوز اور کشمیری عوام کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔ملیحہ لودھی نے ہفتے کو اپنے ایک بیان میںکہا کہ وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر (بروز جمعہ) 193 ارکان پر مشتمل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران کشمیر کے علاوہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات سے متعلق پاکستان کا موقف واضح کریں گے، اس کے علاوہ وزیراعظم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر عالمی سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا تھا کہ وہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے مختلف عالمی رہنمائوں کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو زیربحث لائیں گے اور یقین ہے کہ وہ اس موقع کو بروئے کار لاتے ہوئے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

ملیحہ لودھی نے وزیراعظم کے دورے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان اس موقع پر نفرت انگیز بیانیے کے خلاف پاک ترک کانفرنس کی میزبانی جبکہ ماحولیاتی تحفظ بارے پاک ملائیشیا کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور یو این کمپلیکس کے اردگرد رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں اور سربراہان مملکت کی سیکورٹی کیلئے اہلکاروں کی تعیناتی میں اضافہ کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات