سعودی عرب کے 89 ویں یومِ وطنی پر خصوصی ڈاک ٹکٹ کا اجراء کر دیا گیا

ڈاک ٹکٹ میں سات سنہرے رنگ کی بالیوں کی تصویر سے سعودی عرب کے 7 فرمانروامراد ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 21 ستمبر 2019 13:24

سعودی عرب کے 89 ویں یومِ وطنی پر خصوصی ڈاک ٹکٹ کا اجراء کر دیا گیا
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،21ستمبر 2019ء ) سعودی عرب کے 89ویں یومِ وطنی کی تقریبات شروع ہو گئی ہیں۔ ہر بار کی طرح اس بار بھی سعودی محکمہ ڈاک نے قومی دِن کے موقع پر خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجراء کیا ہے۔ سعودی ویب سائٹ سبق کے مطابق اس ڈاک ٹکٹ میں سنہرے رنگ کی 7 بالیوں کی تصویر دی گئی ہے، جس سے مراد گزشتہ 89 برس کے دوران سعودی عرب پر فرماں روائی کرنے والے 7 حکمران ہیں۔

ان سے سعودی مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز آل سعود، شاہ سعود، شاہ فیصل،شاہ خالد،شاہ فہد، شاہ عبداللہ اور موجودہ فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز شامل ہیں۔جبکہ اس بار کے یادگاری ٹکٹ میں موجودہ فرماں روا شاہ سلمان کے عہد میں شروع کیے گئے 7 عظیم الشان منصوبوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ ان میں سے سرفہرست منصوبہ نیوم ہے۔

(جاری ہے)

جو بحراحمر کے ساحل پر 460 کلومیٹر کے رقبے پر تعمیر ہو گا۔

یہ عظیم الشان منصوبہ سیاحت برائے بحالی صحت کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ دُوسرا منصوبہ کنگ سلمان انرجی سٹی ’سپارک ہے۔ جس کی بدولت سعودی معیشت کو 22.5 ارب ریال کی آمدنی حاصل ہو گی۔ تیسرے نمبر پر’وعدالشمال شہر کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ یہاں پر توانائی کے منصوبوں اور معدنیات کی صنعتوں سے سعودی عرب کو سالانہ 24 ارب ریال کی آمدنی حاصل ہو گی۔ چوتا منصوبہ کنگ عبداللہ پورٹ ہے جو مستقبل میں عالمی منڈیوں تک سعودی برآمدات پہنچنے کے لیے اہم بندرگاہ بن جائے گی۔

پانچویں نمبر پر القدیہ منصوبہ ہے۔ ریاض کے قریب 334 مربع کلومیٹر رقبے کے اس منصوبے سے ثقافتی، تفریحی اور کھیلوں سے متعلق سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔ چھٹا منصوبہ بحر احمر کے ساحل پر سیاحتی شہر امالا کی تعمیر ہے۔ جبکہ ساتویں منصوبے کے تحت العلاء کو ترقی دینے کا ہے۔ جس کے تحت یہاں بڑی تعداد میں نئے ہوٹلز تعمیر کیے جا رہے ہیں، جس سے یہاں سالانہ 4 لاکھ سیاحوں کی آمد متوقع ہو گی۔