وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا راولپنڈی و اسلام آباد میں ڈینگی وائرس پھیلنے کے پیش نظر سرکاری اور نجی ہسپتالوں کو صحت سہولت پروگرام کے پینل میں شامل کرنے کا اعلان

اعلان سے قبل جڑواں شہروں کے ہسپتالوں کے سربراہان کو اعتماد میں لیا گیا تاکہ اس اقدام سے ڈینگی وائرس کی روک تھام میں مدد مل سکے

ہفتہ 21 ستمبر 2019 13:49

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا راولپنڈی و اسلام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈینگی وائرس پھیلنے کے پیش نظر سرکاری اور نجی شعبے کے ہسپتالوں کو صحت سہولت پروگرام کے پینل میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، اس اعلان سے قبل جڑواں شہروں کے ہسپتالوں کے سربراہان کو اعتماد میں لیا گیا تاکہ اس اقدام کے ذریعے ڈینگی وائرس کی روک تھام میں مدد مل سکے۔

اس ضمن میں ملاقاتوں کے دوران ڈاکٹر ظفر مرزا نے شرکاء کو ملک بھر میں ڈینگی وائرس کے پھیلائو کی موجودہ صورتحال بارے آگاہ، انھوں نے کہا کہ سرکاری شعبے کے ہسپتال پہلے سے بوجھ میں مبتلا تھے، ڈینگی وائرس کے پھیلنے سے ان پر مزید بوجھ بڑھ گیا ہے،معاون خصوصی نے اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے نجی شعبے کے ہسپتالوں کے حکومت کے ساتھ تعاون اور روابط کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء نے ملک میں بنیادی صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے موجودہ حکومت کے اقدامات بالخصوص نیشنل ہیلتھ سروسز کی خدمات کو سراہا۔ نجی ہسپتالوں کے نمائندوں نے معاون خصوصی کو اس موجودہ بحرانی صورتحال میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ اور ان کے ہسپتال سرکاری شعبے کے ہسپتالوں کے گنجائش سے زیادہ ان ڈور مریضوں کے لئے گنجائش فراہم کرنے میں بھر پور تعاون کریں گے،انہوں نے فراخدلی کے ساتھ اس مقصد کے لئے اپنے اداروں میں درکار بستروں کی تعداد بڑھانے کی پیشکش بھی کی، اس کے علاوہ انھوں نے ایسے غریب خاندانوں جو اپنے پیاروں کا علاج معالجہ کرانے کی صلاحیت نہیں رکھتے ، کے لیے صحت سہولت پروگرام کے غریب نواز اقدام کی بھی تعریف کی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے اس بحرانی کیفیت میں نجی شعبے کے تعاون کے عزم کو سراہا اور اپنی ٹیم کو ہدایت کی کہ اس شراکت داری کو مربوط بنانے کے لئے فوری ضابطہ کار مرتب کیا جائے۔انھوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی وائرس کی حالیہ صورتحال کے تناظر میں ایک ایسا ضابطہ کار تشکیل دیا جائے گا جس کے تحت سرکاری ہسپتالوں کے گنجائش سے زیادہ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو نجی ہسپتالوں میں بلا معاوضہ بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ یہ سرکاری نجی شراکت داری اگلے مرحلے میں بھی لے کر جائیں گے جہاں عوام کو ان کے خاندانوں کو مالی مشکلات میں ڈالے بغیر سرکاری۔نجی بنیادی صحت سہولیات میں خدمات فراہم کی جاسکیں گی۔

متعلقہ عنوان :