Live Updates

سعودی ولی عہد نے امریکہ جانے کے لیے وزیراعظم عمران خان کو اپنا ذاتی طیارہ فراہم کر دیا

آپ ہمارے مہمان ہیں، کمرشل فلائٹ پر امریکہ نہیں جا سکتے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 21 ستمبر 2019 15:45

سعودی ولی عہد نے امریکہ جانے کے لیے وزیراعظم عمران خان کو اپنا ذاتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 ستمبر 2019ء) : وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کمرشل فلائٹ کی بجائے سعودی ولی عہد کے خصوصی طیارے پر امریکہ روانہ ہوئے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ آپ دورہ امریکہ پر کیسے جا رہے ہیں؟ جس پر وزیراعظم عمران خان نے جواب دیا کہ میں کمرشل فلائٹ کے ذریعے امریکہ روانہ ہو رہا ہوں۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ آپ ہمارے مہمان ہیں ، کمرشل فلائٹ پر امریکہ نہیں جا سکتے۔ ذرائع نے بتایا کہ سعودی ولی عہد نے امریکہ جانے کے لیے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو اپنا ذاتی طیارہ فراہم کیا۔ دوسری جانب وزارت خارجہ حکام نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے دوران ان کی مصروفیات کو حتمی شکل دے دی ۔

(جاری ہے)

سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا دورہ امریکہ 21 سے 28 ستمبر تک جاری رہے گا جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وہ 15 سے زائد سربراہان مملکت سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان، ترکی اور ملائشیا کے سہ فریقی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ 24 ستمبر کو وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کا امکان ہے۔ 24 ستمبر کو عمران خان امریکی صدر کی جانب سے دئیے جانے والے عشائیے میں شرکت کریں گے جہاں دونوں رہنماؤں کی غیر رسمی ملاقات کا امکان ہے۔ 27 ستمبر کو وزیراعظم جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، یہ خطاب پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 8 سے رات 10 بجے کے درمیان ہو گا، اس موقع پر وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات