کوہاٹ ،ریسکیو 1122 کی تربیت کیلئے چودہ کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے ایمرجنسی ٹریننگ اکیڈمی کے قیام کی منظوری دیدی گئی

ہفتہ 21 ستمبر 2019 15:45

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2019ء) کوہاٹ میں ایمرجنسی ریسکیو سروس(ریسکیو 1122) کی تربیت کے لئے چودہ کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے ایمرجنسی ٹریننگ اکیڈمی کے قیام کی منظوری دیدی گئی جو کوہاٹ راولپنڈی پر واقع گنڈیالی کے علاقہ میں تقریبا" 124 کنال رقبہ پر محیط اراضی پر تعمیر کی جائے گی۔ اس اکیڈمی کی تعمیر و تکمیل کے بعد صوبہ بھر کے ریسکیو عملے کو تربیت دی جائے گی۔

اپنی نوعیت کی اس واحد اکیڈمی میں ریسکیو ایمرجنسی سروسز 1122 کے ہر کیڈر کے ملازمین کو تربیت دی جائے گی جس کے باعث صوبہ تربیت کے عمل میں خود کفیل ہو جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس اکیڈمی کے قیام سے صوبہ خیبر پختونخواہ ریسکیو سروسز خود تربیت فراہم کرے گی جبکہ ابھی تک یہ تربیت لاہور میں حاصل کی جاتی تھی۔

(جاری ہے)

اکیڈمی قیام کے حوالے سے مشیر تعلیم ضیائ اللہ بنگش کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی ریسکو سروسز اکیڈمی کوہاٹ راولپنڈی روڈ پر واقع نواحی علاقے گنڈیالی میں تعمیر کی جائے گی جس کے لئے 124 کنال سے زیادہ اراضی پہلے ہی حاصل کی گئی ہے جبکہ محکمہ مواصلات و تعمیرات نے کنسلٹنسی سروس کے لئے اشتہارات بھی شائع کرائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 عوامی خدمت کا ایک بڑا ادارہ ہے جسکی بدولت ہنگامی صورتحال میں عوام کو بہت زیادہ ریلیف ملتا ہے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے عوام دوست پالیسوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح کی غرض سے رسکیو 1122 سروسز کو کامیابی کیساتھ مختلف اضلاع تک توسیع دی گئی ہے جس سے عوام کے مسائل اور ان کی مشکلات ان کی دہلیز پر حل ہو رہے ہیں۔ مشیر تعلیم نے مزید کہا کہ صوبہ کی اپنی اکیڈمی کے قیام سے ایمرجنسی ریسکیو سروسز (ریسکیو 1122) کی خدمات میں مزید بہتری آجائے گی۔