ضلع بھر میں ڈینگی سرویلینس پر بھرپور توجہ دی جائے،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد

ہفتہ 21 ستمبر 2019 15:45

لالہ موسیٰ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر میں ڈینگی سرویلینس پر بھرپور توجہ دی جائے، افسران پر مشتمل ٹیمیں ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کریں گی، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ شہریوں میں ڈینگی کے حوالے سے آگاہی مہم تیز کرے، ڈینگی کے فروغ کا باعث بننے والے افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی جی توقیر الیا س چیمہ، ایم ایس ڈاکٹر عابد غوری، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

سی ای او ہیلتھ نے بتایا کہ ضلع گجرات کے ہسپتالوں میں ابتک 6مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے تاہم یہ افراد تعلیم یا کاروبار کے سلسلہ میں راولپنڈی میں مقیم تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تمام افراد کو علاج کی بہترین سہولیات کیساتھ ایس او پیز کے مطابق انکے گھروں کے اطراف سپرے بھی کروا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کے پاس انسداد ڈینگی سپرے کیلئے وافر مقدار میں ادویات موجود ہیں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر سرویلینس سرگرمیوں کو پورٹل پر اپ لوڈ کیا جارہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کیلئے وہ خود بھی فیلڈ میں چیکنگ کریں گے، اسسٹنٹ کمشنر، مختلف محکموں کے افسران پر مشتمل مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تھرڈ پارٹی آڈٹ کریں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت کسی بھی مریض میں ڈینگی کی تصدیق کی صورت میں بروقت کیس رسپانس یقینی بنائے، حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق آگاہی واک اور سیمینار منعقد کئے جائیں، محکمہ زراعت کسان پروگراموں میں شرکت کرنیوالوں کو ڈینگی کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کرے جبکہ سرکاری سکولوں میں زیرو پیریڈ کے دوران طلبہ و طالبات کو ڈینگی کے بارے میں آگاہی اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے نیز سیکرٹری آر ٹی اے یقینی بنائیں کہ گجرات سے مختلف روٹس پر چلنے والی گاڑیوں کے پیچھے بھی ڈینگی بارے آگاہی بینرز لگے ہوں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صوبے کے بڑے شہروں میں ڈینگی کے مریضوں کی تصدیق کے بعد الرٹ رہ کر کام کرنے کی ضرورت ہے، کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔