پرائیوٹ فاؤنڈیشنز بچیوں کی تعلیم میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں،ڈی سی وہاڑی

ہفتہ 21 ستمبر 2019 16:20

وہاڑی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں بچیوں کی تعلیم و تربیت بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔حکومت کے ساتھ ساتھ مختلف پرائیوٹ فاؤنڈیشنز بچیوں کی تعلیم میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوثر مجید گرلز ہائی سکول چک نمبر 203/EBبوریوالہ میں تقسیم انعامات کے حوالے سے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بوریوالہ رانا اورنگزیب، چیف آفیسر بلدیہ بوریوالہ راؤ محمد علی،ایم ایس ٹی ایچ کیو بوریوالہ عمران بھٹی،پرنسپل ڈی پی ایس بوریوالہ صلاح الدین، چیف پیٹرن کوثر مجید فاؤنڈیشن شیخ شہزا د مبین اور دیگر سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ بچیوں کی تعلیم کسی بھی ملک و علاقہ کی ترقی میں بہت اہم کردار اداکرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بوریوالہ کے لوگوں کے لئے شیخ شہزاد مبین جیسے درد دل رکھنے والے لوگ کسی نعمت سے کم نہیں ہیں جو اس علاقے کی غریب، یتیم اور نادار بچیوں کے لئے تعلیم جیسے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوثر مجید گرلز ہائی سکول کی بچیوں کی پرفارمنس اور صلاحیتیں دوسرے پرائیوٹ سکولوں سے کسی بھی صورت کم نہیں ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ یہ کوثر مجید گرلز ہائی سکول کی کامیابی ہے کہ اب اس سکول میں بچیوں کی تعداد پانچ سو سے تجاوز کر گئی ہے،جس سے اس علاقے میں رہنے والے لوگوں کی سوچ بھی تبدیل ہو رہی ہے اور وہ اپنی بچیوں کے بہترین مستقبل کے لئے انہیں پڑھائی کی طرف راغب کر رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ سکول کی طرف آنے والی سڑک کو بہت جلد مرمت کردیا جائے گا جس سے اس طرف آنے والی بچیوں کے ٹرانسپورٹ کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر چیف پیٹرن کوثر مجید فاؤنڈیشن شیخ شہزاد مبین نے آنے والے تمام معزیزین کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :