وزیراعلیٰ نےڈینگی کنٹرول ناکامی پرڈی سی لاہورصالحہ سعید کوتبدیل کردیا

مجھے دکھاوا نہیں چاہیے بلکہ کام چاہیے، صرف کام کرنے والے افسران ہی عہدوں پر رہیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 21 ستمبر 2019 16:35

وزیراعلیٰ نےڈینگی کنٹرول ناکامی پرڈی سی لاہورصالحہ سعید کوتبدیل کردیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈینگی کنٹرول ناکامی پرڈی سی لاہور صالحہ سعید کو تبدیل کردیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مجھے پبلسٹی نہیں چاہیے کام چاہیے، ڈی سی کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈینگی کنٹرول ناکامی پر اور دیگر شکایات پر ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید کو تبدیل کردیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ڈپٹی کمشنر لاہور کو تبدیل کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ تاہم اس کا نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔ واضح رہے وزیراعلیٰ پنجاب نے گزشتہ روز بھی کہا تھا جو آفیسر ڈینگی کنٹرول میں ناکام پایا گیا وہ اپنے عہدے پر نہیں رہے گا۔شہرمیں تجاوزات اور سینیٹری کے مسائل پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو افسران صرف کاغذی کاروائی تک محدود ہیں وہ اپنے عہدوں پر نہیں رہیں گے۔ بلکہ وہ افسران عہدوں پر رہیں گے جو عوامی خدمت کے جذبے سے سرشارہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میری حکومت میں اب دکھاوے کیلئے کام نہیں ہوگا بلکہ کام کرکے دکھانا ہوگا۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارسے صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات بھی کی۔

جس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انسداد ڈینگی مہم کومزید مؤثراندازمیں چلانے کی ہدایت کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈینگی پرقابو پانے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ جعلی کارروائیوں کے ذریعے کاغذات کا پیٹ بھرنے پرایکشن ہوگا۔ انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پرمانیٹرکیا جائے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بعض شکایات کو بنیاد پر ڈی سی لاہور کو تبدیل کیا جبکہ ڈی سی لاہور کی کاوش کے باعث ابھی تک لاہور میں ڈینگی مریضوں کا ریٹ باقی شہروں کی نسبت کم ہے۔ جبکہ ڈی سی لاہور شہر میں عوامی مسائل کے حل کیلئے بھی متحرک کردار ادا کر رہی تھیں۔