میرواعظ عمرفاروق کے خلاف بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کی شدید مذمت

ہفتہ 21 ستمبر 2019 18:12

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2019ء) میرواعظ عمرفاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر سید فیض نقشبندی نے بھارتی ذرائع ابلاغ کی طرف سے فورم کے چیئرمین کے خلاف شروع کی گئی کردار کشی کی مہم اور پروپیگنڈے کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارت کے ایک انگریزی رونامے نے سرکاری حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں میرواعظ عمرفاروق جیسے کئی دیگر کشمیری رہنمائوں نے اپنی بحفاظت رہائی کے لیے اس معاہدے پر دستخط کئے ہیںکہ وہ سیاسی سرگرمیوں میں شرکت نہیں کریں گے۔

سید فیض نقشبندی نے جومیراعظ عمرفاروق کے نمائندے بھی ہیں، جنیوا میںجاری ایک بیان میں کہاکہ میرواعظ عمرفاروق نے ایسے کسی معاہدے پر دستخط نہیں کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرواعظ5اگست سے مسلسل زیر حراست ہیں جب نریندر مودی کی فرقہ پرست حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذاور مواصلاتی ذرائع معطل کردیے تھے اور اس دوران انہیں نماز جمعہ ادا کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔

سید فیض نقشبندی نے کہاکہ بھارتی حکومت اوراس کے عہدیداران ایسے شرانگیز بیانات کے ذریعے کشمیر ی حریت رہنمائوں کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام کشمیری کرفیواوردیگر سخت پابندیوں میں محصور اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہا رکیاکہ بھارتی حکام نے میرواعظ عمرفاروق سمیت تمام حریت رہنمائوں اور لاکھوں کشمیریوں کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کررکھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر میں انٹرنیٹ سروس اوردیگر مواصلاتی ذرائع کی معطلی کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سید فیض نقشبندی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیں کیونکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جھوٹ بول کر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کررہے ہیں۔انہوںنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرنے اورمقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے پر پاکستان کی حکومت ، سیاسی قیادت اور عوام کا شکریہ اداکیا۔