خورشید شاہ کو ایسے مقدمے میں گرفتار کیا گیا جس سے وہ ہائیکورٹ سے بری ہو چکے ہیں،قمر زمان کائرہ

ہفتہ 21 ستمبر 2019 19:45

خورشید شاہ کو ایسے مقدمے میں گرفتار کیا گیا جس سے وہ ہائیکورٹ سے بری ..
لاہور۔21 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اور ایم پی ایز کے خلاف بہت سارے مقدمات بنائے جارہے ہیں لیکن پیپلز پارٹی ان مقدمات سے گھبرانے والی نہیں‘ انہوں نے کہاکہ خورشید شاہ کو ایسے مقدمے میں گرفتار کیا گیا جس میں وہ ہائی کورٹ سے بری ہو چکے ہیں، ان پر ایسی جائیداد کے مقدمے بنائے جا رہے ہیں جو ان کے دوستوں کی ہیں، یہ باتیں انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی.

(جاری ہے)

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کی 31 ویں سالگرہ کاکیک کاٹا گیا، تقریب میں چودھری منظور احمد، سید حسن مرتضی ،چوہدری اسلم گل ،ملک عثمان ، حاجی عزیزالرحمن چن اور ثمینہ خالدگھرکی بھی موجود تھیں. ،اس موقع پر قمرزمان کائرہ نے کہا کہ آج چیئرمن بلاول بھٹوکی سالگرہ کا دن ہے یہ ہمارے لئے حوصلے کا دن ہے چیئرمین کی سالگرہ کشمیر کی نازک صورتحال ،پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف انتقام اور محرم کی وجہ سے سادگی سے منا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پاکستان کی امید ہیں سیاست چیئرمین بلاول بھٹو کا ورثہ ہے‘ ہماری قیادت کو پہلے بھی نشانہ بنایا گیا ہے لیکن ہم پہلے ڈرے تھے نہ اب ڈریں گے۔