وزیراعلیٰ کا عوامی فلاح کے کاموں میں فرائض میں کوتاہی پر ایکشن ،متعلقہ افسران سے جواب طلب

لاہور اور قصور کی سڑکوں کے ارد گرد تجاوزات ، صفائی وسینی ٹیشن کے ناقص انتظامات پر اظہار برہمی ٹھوکر نیاز بیگ سے ڈاکٹر ہسپتال کینال روڈ تک سٹریٹ لائٹس بند ہونے کا نوٹس ، سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسرچھانگا مانگا معطل

ہفتہ 21 ستمبر 2019 19:58

وزیراعلیٰ کا عوامی فلاح کے کاموں میں فرائض میں کوتاہی پر ایکشن ،متعلقہ ..
لاہور۔21 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوامی فلاح کے کاموں میں فرائض میں کوتاہی پر ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ افسروں سے جواب طلب کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور اور قصور کی سڑکوں کے ارد گرد تجاوزات ، سڑکوں کی خراب حالت زار اور صفائی وسینی ٹیشن کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ٹھوکر نیاز بیگ سے ڈاکٹر ہسپتال کینال روڈ تک سٹریٹ لائٹس بند ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے جس پر ایل ڈی اے کے حکام نے متعلقہ افسران کی جواب طلبی کی ہے اور اس ضمن میں ایل ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ہارون سیفی، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز رضا حسن رانا ، کاشف درانی اور بہادر علی سے جواب طلب کر لیا گیا ہے اور متعلقہ افسران کو 24 گھنٹے میں تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

چھانگا مانگا میں ناقص انتظامات پر کارروائی کرتے ہوئے سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر آغا حسین شاہ کو معطل کر دیا گیا ہے اور سیکرٹری جنگلات نے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کی تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھتا ہوں۔فلاح عامہ کے کاموں میں کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کروں گا اور جو افسر کام نہیں کرے گا، وہ گھر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار افسر کو پوری عزت دیں گے۔ میں نے بہت دیکھ لیا ہے، اب ہر محکمے کو ڈلیور کرنا ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے امور کو بہتر بنانے کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر آیا ہوں، کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے نہیں دوں گا۔