مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے،ملک محمدنعیم

ّاب وقت دور نہیں پاکستان کی شہہ رگ بھی پاکستان کا حصہ بنے گی،معروف فلم پروڈیوسرکی گفتگو

ہفتہ 21 ستمبر 2019 20:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2019ء) معروف فلم پرڈیوسرملک محمدنعیم نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے،پاکستان کی عوام کشمیری بھائیوں کی حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کی غیر مشروط حمایت کرتی ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے جس کے لئے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے وعدوں اور بین الاقوامی برادری کی کوششوں کے باوجود کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دینے سے انکار کرنا انسانیت کے خلاف ہے۔ حق خودارادیت کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کشمیری بھائیوں کا پیدائشی حق ہے اور اس حق کے حصول کی جدوجہد میں پاکستان کی عوام اپنے کشمیری بھائیوںکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی عوام گزشتہ 7 دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنا کرنے کے باوجود ظلم کے آگے نہیں جھکی۔

بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے فوری حل اور بھارت کے مظالم بند کرنے کے لئے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت دور نہیں پاکستان کی شہہ رگ بھی پاکستان کا حصہ بنے گی۔