سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منظور احمد ملک کا آئی جی پولیس پنجاب کو صوبے کے ہر ضلع میں ایس پی انویسٹی گیشن کی تعیناتی کو یقینی بنانے کا حکم

ہفتہ 21 ستمبر 2019 21:02

اہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2019ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس منظور احمد ملک نے آئی جی پولیس پنجاب کو صوبے کے ہر ضلع میں ایس پی انویسٹی گیشن کی تعیناتی کو یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ پولیس ملزمان سے تفتیش کے لئے اپنا روایتی طریقہ مت اپنائے۔ ملزمان کو تفتیش کے لئے تشدد کا نشانہ بنانے کی جبائے جدید سائنسی طریقے سے تحقیقات کرے۔

ہفتہ کے روز اپنی صدارت میں منعقدہ صوبے بھر کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منظور احمد ملک نے کہاکہ انسداد دہشت گردی کی تمام عدالتیں زیرسماعت پرانے مقدمات پر ترجیحی بنیادوں پر فیصلے کریں۔ مقدمات کی سماعت کے لئے لمبی تاریخیں نہ دی جائیں۔

(جاری ہے)

مقدمات کے گواہان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

پولیس عدالتوں میں مقدمات کے چالان بروقت پیش کرتے ہوئے مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں، اجلاس میں آئی جی پولیس پنجاب نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے سابقہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان، سینئر جج قاسم خان، پنجاب بھر کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے ججوں، چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پولیس پنجاب نے شرکت کی۔