Live Updates

وزیراعلیٰ سے گورنر پنجاب کی ملاقات ، ترقیاتی منصوبوں اور چونیاں کے افسوسناک واقعہ پر ہونیوالی پیشرفت پر تبادلہ خیال

پنجاب حکومت مقتول بچوں کے غمزدہ خاندانوں کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی، ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے،مقدمے میں انسدادد ہشت گردی کی دفعہ شامل ، کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلے گا:عثمان بزدار ،وزیراعلیٰ عثمان بزدارکاسخت ایکشن، انسداد ڈینگی کیلئے بروقت اقدامات نہ کرنے اور فرائض سے غفلت پر ڈپٹی کمشنر لاہور تبدیل ؒوزیراعلیٰ نے شہر میں تجاوزات، سڑکوں کی خراب حالت اور صفائی و سینی ٹیشن کے ناقص انتظامات پربھی برہمی کااظہار کیا تھا افسروں کو فیلڈ میں نکل کر ڈلیور کرناہوگا، عوام کی خدمت نہ کرنے والا افسر عہدے پر نہیں رہے گا،اللہ تعالیٰ اور صوبے کے عوام کو جوابدہ ہوں / صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ملاقات،وزیراعلی کو ڈینگی پر قابو پانے اور مریضوں کے علاج کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا لله*وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا عوامی فلاح کے کاموں میں فرائض میں کوتاہی پر ایکشن ،متعلقہ افسروں سے جواب طلب /لاہور اور قصور کی سڑکوں کے ارد گرد تجاوزات ، سڑکوں کی خراب حالت زار اور صفائی وسینی ٹیشن کے ناقص انتظامات پر اظہار برہمی

ہفتہ 21 ستمبر 2019 21:14

وزیراعلیٰ سے گورنر پنجاب کی ملاقات ، ترقیاتی منصوبوں اور چونیاں کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرورنے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں اور چونیاں میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ اور گورنرنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت مقتول بچوں کے غمزدہ خاندانوں کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔ مشتبہ افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں کروائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔ مقدمے میں انسدادد ہشت گردی کی دفعہ شامل کر دی گئی ہے، کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلے گا۔

انہوںنے کہا کہ اس کیس میں متاثرہ خاندانوں کوانصاف دلانے کے لئے آخری حد تک جائیں گی-ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے موثر قانون سازی کی جائے گی اوراپنے بچوں کو محفوظ مستقبل دینے کے لئے ہر طرح کے وسائل فراہم کریں گے اور ہر ممکن اقدام کیاجائے گا-وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان اور کشمیر ایک تھے، ہیں اور رہیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔

کشمیری عوام اپنے حق کیلئے بھارتی تسلط کے خلاف تاریخی جدوجہد کر رہے ہیں- اقوام عالم کو مظلو م کشمیریوں کا ساتھ دینا ہوگا- بھارت کے ظلم کو روکنے کیلئے عالمی برادری کو عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام اپنی اس جدوجہد میں تنہا نہیں ، پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے - گورنر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہاکہ ہم چونیاں میں مقتول بچوں کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیںاور ہماری تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستانی حکومت کشمیریوں کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو عمرے کی ادائیگی پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی۔صوبائی وزیر صحت نے صوبے میں ڈینگی پر قابو پانے اور ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انسداد ڈینگی مہم کومزید موثر انداز میں چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انسداد ڈینگی مہم میں تساہل برتنے والے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ کاغذات کا پیٹ بھرنے کی جعلی کارروائیوں پر ایکشن ہوگا اور ’’سب اچھا ہے‘‘ کی رپورٹس دینے سے کام نہیں چلے گا بلکہ تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے اور وضع کردہ پلان پر سوفیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انسداد ڈینگی مہم کی ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز خود نگرانی کریں۔ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مرض میں مبتلا مریضوں کی مکمل نگہداشت کی جائے اور مریضوں کو علاج معالجے کے حوالے سے ہر طرح کی سہولت دی جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے متعلقہ محکموں کو خواب غفلت سے بیدار ہو کر عملی اقدامات کرکے مرض کا خاتمہ کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے انسداد ڈینگی کے لئے بروقت اقدامات نہ کرنے اور فرائض سے غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر لاہور کوتبدیل کر دیا ہے اور اس ضمن میںنوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاہی-وزیراعلیٰ نے لاہور میںانسداد ڈینگی کے لئے بروقت اقدامات نہ کرنے، تجاوزات کی بھرمار، سڑکوں کی خراب حالت اور صفائی و سینی ٹیشن کے ناقص انتظامات پربرہمی کااظہار کیاتھا اور صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایات دی تھیں-قبل ا زیں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو بھی انسداد ڈینگی کے لئے بروقت اقدامات نہ کرنے پر عہدے سے ہٹایاجاچکاہی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وہ انسداد ڈینگی مہم میں غفلت ہر گز برداشت نہیں کریں گی-صوبے کے عوام ڈینگی کا شکار ہوں اورافسر دفاتر میں بیٹھے رہیں ،یہ روش نہیں چلے گی- افسروں کو فیلڈ میں نکل کر ڈلیور کرناہوگااور عوام کی خدمت نہ کرنے والا افسر عہدے پر نہیں رہے گا- انہوںنے کہاکہ میںاللہ تعالیٰ اور صوبے کے عوام کو جوابدہ ہوں -عوام کی فلاح وبہبود کے کاموں میں فرائض سے کوتاہی کرنے والوں کے خلاف اب ایکشن ہوگااورکسی سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوامی فلاح کے کاموں میں فرائض میں کوتاہی پر ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ افسروں سے جواب طلب کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور اور قصور کی سڑکوں کے ارد گرد تجاوزات ، سڑکوں کی خراب حالت زار اور صفائی وسینی ٹیشن کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ٹھوکر نیاز بیگ سے ڈاکٹر ہسپتال کینال روڈ تک سٹریٹ لائٹس بند ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے جس پر ایل ڈی اے کے حکام نے متعلقہ افسران کی جواب طلبی کی ہے اور اس ضمن میں ایل ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ہارون سیفی، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز رضا حسن رانا ، کاشف درانی اور بہادر علی سے جواب طلب کر لیا گیا ہے اور متعلقہ افسران کو 24 گھنٹے میں تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

چھانگا مانگا میں ناقص انتظامات پر کارروائی کرتے ہوئے سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر آغا حسین شاہ کو معطل کر دیا گیا ہے اور سیکرٹری جنگلات نے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کی تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھتا ہوں۔فلاح عامہ کے کاموں میں کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کروں گا اور جو افسر کام نہیں کرے گا، وہ گھر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار افسر کو پوری عزت دیں گے۔ میں نے بہت دیکھ لیا ہے، اب ہر محکمے کو ڈلیور کرنا ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے امور کو بہتر بنانے کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر آیا ہوں، کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے نہیں دوں گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات