پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹرز کی زبان بندی کردی

سنٹرل کنٹریکٹ معاہد ہ 16صفحات پرمشتمل ،11رکنی ٹیم ،5ریزروکھلاڑیوں کو میچ فیس ملے گی،بغیر اجازت میڈیا سے گفتگو پر پابندی

ہفتہ 21 ستمبر 2019 21:34

پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹرز کی زبان بندی کردی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2019ء) پی سی بی نے ڈومیسٹک ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کوسنٹرل کنٹریکٹ دیدیا جو 16 صفحات پر مشتمل ہے ،کھلاڑی ایک ہفتے میں معاہدے پر دستخط کرنے کے پابند ہوں گے ،کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ کے ساتھ اینٹی کرپشن اور اینٹی ڈوپنگ کوڈ بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ کی مدت یکم جولائی 2019 ئ سے 30 جون 2020 ئ تک ہوگی ،جس کے دوران کھلاڑی فٹنس لیول برقرار رکھنے کے پابند ہونگے ا ورکوئی بھی کھلاڑی پی سی بی کی اجازت کے بغیرمیڈیاسے گفتگو نہیں کرسکے گا ،انٹرویوز دینے اور آرٹیکل لکھنے پربھی پابندی ہوگی۔

کھلاڑیوں پر بغیر اجازت بیرون ملک لیگز کھیلنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ سنٹرل کنٹریکٹ کے مطابق پہلی مرتبہ 11 رکنی ٹیم کے علاوہ 5 ریزرو کھلاڑیوں کو بھی میچ فیس ملے گی۔

(جاری ہے)

فرسٹ الیون کے چار روزہ میچ میں 11 رکنی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کو 75 ہزار روپے میچ فیس ملے گی جبکہ 5ریزرو کھلاڑیوں کو 30 ہزار روپے میچ فیس ملے گی۔سیکنڈ الیون میں شامل کھلاڑیوں کو 30 ہزار روپے میچ فیس ملے گی اور 5ریزرو کھلاڑیوں کو 12 ہزار روپے میچ فیس ملے گی۔

ون ڈے کرکٹ میں فرسٹ الیون کی ٹیم کو 40 ہزار روپے میچ فیس ملے گی اور ریزرو کھلاڑیوں کو 16 ہزار روپے میچ فیس ملے گی۔سیکنڈ الیون میں شامل 11 رکنی ٹیم کو 15 ہزار روپے میچ فیس دی جائیگی اور ریزرو کھلاڑیوں کو 6 ہزار روپے میچ فیس ملے گی۔ٹی ٹونٹی میں فرسٹ الیون کے 11 کھلاڑیوں کو15 ہزار اور ریزرو کھلاڑیوں کو چھ ہزار روپے میچ فیس ملے گی۔ٹی ٹونٹی سیکنڈ الیون میں 11 رکنی ٹیم کو 15 ہزار روپے اور ریزرو کھلاڑیوں کو چھ ہزار روپے فی میچ ملیں گے۔