فاطمہ ثناء کی عمدہ باوٴلنگ اور ڈیانا بیگ کی شاندار بیٹنگ نے پی سی بی چیلنجرز کو فتح دلا دی

نیشنل ویمن چیمپئن شپ میں پی سی بی بلاسٹرز کو پہلی بار شکست کا سامنا، پی سی بی چیلنجرز کی جانب سے فاطمہ ثناء نے 4 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا

ہفتہ 21 ستمبر 2019 20:02

فاطمہ ثناء کی عمدہ باوٴلنگ اور ڈیانا بیگ کی شاندار بیٹنگ نے پی سی بی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2019ء) قومی ٹرائنگولر ایک روزہ خواتین چیمپئن شپ کے چوتھے میچ میں پی سی بی چیلنجرز نے پی سی بی بلاسٹرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ لاہور جمخانہ کلب گراوٴنڈ میں جاری ایونٹ میں یہ پی سی بی بلاسٹرز کی پہلی ناکامی ہے۔فاتح ٹیم نے 186 رنز کا ہدف 47.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔

اس سے قبل پی سی بی چیلنجرز کی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے باوٴلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

15 کے مجموعی اسکور پر پی سی بی بلاسٹرزکی اوپنر عائشہ ظفر 14 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئی۔ جس کے بعد عمیمہ سہیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 5 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری اسکور کی۔ عمیمہ سہیل121 گیندوں پر 73 رنز اسکور کرنے کے بعد فاطمہ ثناء کی گیند پر آوٴٹ ہوگئی۔

(جاری ہے)

پی سی بی چیلنجرز کی جانب سے فاطمہ ثناء نے یکے بعددیگرے3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کرکے ایونٹ کی فیورٹ ٹیم کو بڑا ہدف بنانے سے روک دیا۔

پی سی بی بلاسٹرزکی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنزہی بناسکی۔ فاطمہ ثناء نے 10 اوورز میں 34 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کوآوٴٹ کیا۔سیدہ عروب شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پی سی بی چیلنجرز نے مطلوبہ ہدف 47.2 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پرپورا کرلیا۔ 186 رنز کے تعاقب میں پی سی بی چیلنجرز کی اننگز کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ رہا۔

21 کے مجموعی اسکور پر اوپنر حرینہ سجاد اور کپتان بسمعہ معروف پویلین واپس لوٹ چکی تھیں جس کے بعد جویریہ روٴف اور نتالیہ پرویز کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 61رنز کی شراکت قائم ہوئی۔جویریہ روٴف نے 48 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے۔تاہم لوئر آرڈر میں ڈیانا بیگ اور صباء نذیر کے درمیان 30 رنز کی شراکت نے پی سی بی چیلنجرز کی میچ میں گرفت مضبوط کردی۔

ڈیانا بیگ کے ناقابل شکست 35رنز کی بدولت پی سی بی چیلنجرز نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں قبل حاصل کرلیا۔ پی سی بی بلاسٹرز کی جانب سے عالیہ ریاض نے 45 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

میچ میں شاندار باوٴلنگ کا مظاہرہ کرنے پر فاطمہ ثناء کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔

ایونٹ کا پانچواں میچ23 ستمبر کو پی سی بی ڈائنامائٹس اور پی سی بی بلاسٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔