ڈاکٹرز مریضوں کے ساتھ شفقت و ہمدردی کا سلوک رکھیں ، ڈاکٹر عارف علوی

معالج کی حیثیت سے علاج کے ساتھ بیماریوں کی روک تھام اور صحت کی نگہداشت پر زیادہ توجہ مرکوز کریں،صدر مملکت کا بھوربن میں ساتویں انٹرنیشنل آرتھوڈونٹک کانفرنس سے خطاب

ہفتہ ستمبر 22:56

ڈاکٹرز مریضوں کے ساتھ شفقت و ہمدردی کا سلوک رکھیں ، ڈاکٹر عارف علوی
بھوربن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ڈاکٹروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے مریضوں کے ساتھ شفقت اور ہمدردی کا سلوک اور معالج کی حیثیت سے علاج کے ساتھ بیماریوں کی روک تھام اور صحت کی نگہداشت پر زیادہ توجہ مرکوز کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز بھوربن میں ساتویں انٹرنیشنل آرتھوڈونٹک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس کا اہتمام پاکستان ایسوسی ایشن آف آرتھوڈونٹسٹس(پی اے او) نے کیا تھا جس میں بیرونی ممالک اور ملک بھر سے آرتھوڈونٹسٹس نے شرکت کی۔کانفرنس کے شرکائ نے اس شعبے بالخصوص مصنوعی ذہانت میں نئے رجحانات اور طریقوں پر توجہ مرکوز کی۔صدر مملکت نے کہا کہ علاج معالجہ بیماریوں کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر سے نسبتاً زیادہ مہنگا ہوتا ہے، اس مقصد کو عوامی آگاہی اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ اشتراک سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت جو ایسوسی ایشن کے بانی صدر بھی رہ چکے ہیں، نے کانفرنس کے شرکائ کو بتایا کہ مصنوعی ذہانت نے تشخیصی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے جس سے ڈاکٹروں کے معالج کے طور پرکردار کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے، اس کے علاوہ دندان سازی کی تعلیم کا معیار بھی بہتر ہوا ہے۔ صحت عامہ میں دندان ساز کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے صدر مملکت نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے عوام میں آگاہی پھیلائیں۔

دندان سازی میں اپنے تجربات کو یاد کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ وہ 80 کی دہائی سے ایک آزاد ڈینٹل کونسل کے قیام اور عوامی شعور کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں میں شعور بیدار کرنے سے نہ صرف دندان سازوں کو اطمینان ملے گا بلکہ آئندہ نسلوں میں مثبت اور عوامی خدمت کی عادت پیدا ہو گی۔ صدر مملکت نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ ڈینٹل کالج کے قیام کا لائسنس حاصل کرنے والے پہلے شخص تھے،انہوں نے تمام گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم اور پیشے پر زیادہ توجہ مرکوز کریں تاکہ وہ نئے چیلنجوں کا سامنا کر سکیں۔

قبل ازیں پی اے او کے صدر نے صدر مملکت عارف علوی کو شیلڈ پیش کی۔ بعدازاں صدر مملکت نے ملکی اور غیر ملکی مندوبین میں ایوارڈز تقسیم کیے۔اس موقع پر پاکستان ایسوسی ایشن آف آرتھوڈونٹسٹس کے صدر پروفیسر ڈاکٹر غلام رسول نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ دندان سازی اور تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔