پی ایس 11 ، پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے امیدوار نے انتخابی مہم تیز کردی

ہفتہ 21 ستمبر 2019 23:01

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2019ء) الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ایس 11 پر 27 اکتوبر پر انتخابات کروانے کے اعلان کے بعد پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے امیدواروں کی جانب سے انتخابی مہم تیز کردی گئی ہے جبکہ مختلف برادریوں نے بھی مشاورت کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب معظم گروپ سے تعلق رکھنے والے یوسی چیئرمین چنگیز ابڑو کے بڑے بھائی زاہد علی ابڑو کی جانب سے جمیل احمد سومرو کے لیے عشائیہ دیا گیا جس میں انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اور جمیل احمد سومرو کی پی ایس 11 پر حمایت کا اعلان بھی کیا جبکہ جمیل احمد سومرو نے انہیں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں کی پارٹی ہے، مجھ جیسے ایک کارکن کو چیئرمین کی جانب سے پی ایس 11 پر بطور امیدوار نامزد کرنا میرے لیے باعث فخر ہے، پی ایس 11 پر کامیابی کے بعد شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات ایک کردیں گے، انہوں نے کہا کہ مخالفین کی جانب سے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں لیکن لاڑکانہ کا عوام باشعور ہے جنہوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا اور 17 اکتوبر پر تیر پر ٹھپے لگاکر شہیدوں کی پارٹی کے امیدوار کو کامیاب کریں گے، دوسری جانب جمیل احمد سومرو نے قلب حسین لاہوری سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کرکے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیپلز پارٹی رہنما سرائی سرفراز حسین کھوکھر، شرجیل رضوانی، کاظم بھٹو اور دیگر بھی موجود تھے، دوسری جانب جی ڈی اے کی جانب سے پی ایس 11 پر نامزد امیدوار معظم علی عباسی نے انتخابی مہم کے سلسلے میں شہر کے منور آباد محلہ میں بلاول کلہوڑو سے ان کی والدہ کے انتقال پر جبکہ لاہوری محلہ میں عبدالحئی میمن کے زوجہ کی انتقال پر لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

دوسری جانب معظم علی عباسی سے کوٹ دراب میں مختلف برادریوں کے معززین نے ملاقات کرکے پی ایس 11 پر ان کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر معظم علی عباسی کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ شہر کے ہر گلے اور علاقے میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جبکہ آئے روز اسپتالوں میں مریض تڑپتے تڑپتے مر رہے ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں لیکن اس کے باوجود پیپلز پارٹی کے رہنما یہ کہتے ہوئے نہیں تھکتے کہ ہم نے پورے سندھ میں رکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں، انہوں نے کہا کہ اربوں روپے بجٹ کے باوجود ادویات اور ویکسین تک موجود نہیں چند روز قبل 10 سالہ معصوم بچہ میر حسن ابڑو کا واقعہ حکمرانوں کے منہ پر تمنچہ ہے جو اس وقت بھی معاملے میں والدین کی غفلت کا بیان دے کر لواحقین کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں، لاڑکانہ کے شہریوں نے گزشتہ عام انتخابات میں بھی ہمارا ساتھ دیا اور اس مرتبہ بھی ہمارا ساتھ دینے کے لیے پرعزم ہیں، ادہر پی ایس 11 پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے بروہی برادری کا مشاورتی اجلاس ایڈووکیٹ مظفر علی بروہی کی زیر صدارت ہوا جس میں بروہی سمیت دیگر برادریوں کے معززین نے شرکت کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ معززین کے ساتھ مزید مشاورت کرکے پی ایس 11 پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے حتمی امیدوار کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔