ملکی معیشت مسلسل زوال کا شکار ہے ایک سال کے بعد مزید دو سال بھی مہنگائی جاری رہنے کا اعلان ہوگیا،لیاقت بلوچ

ہفتہ 21 ستمبر 2019 23:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں جاری کارکنان کی مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ملکی معیشت مسلسل زوال کا شکار ہے ایک سال کے بعد مزید دو سال بھی مہنگائی جاری رہنے کا اعلان ہوگیاہے اس عرصہ میں غریب پس اور سفید پوش طبقہ پٹ چکاہوگا ۔

مہنگائی جس سطح پر پہنچ جائے گی اس سے واپسی ناممکنات میں ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ عمران سرکار نااہل اور ناکام ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور غیر سنجیدگی چھوڑ کر کشمیر کی آزادی کے لیے ٹھوس لائحہ عمل بنایا جائے ۔ لمحوں کی کوتاہی قوموں کو صدیوں پیچھے لے جاتی ہے ۔ بے حمیتی ، بزدلی اور بے غیرتی کا راستہ اختیار کرنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ افغانستان کے نہتے عوام نے اللہ پر کامل یقین اور اپنی قوت بازو پر بھروسہ کرتے ہوئے جہاد کا راستہ اختیار اور دنیا کی تین سپر طاقتوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا ۔ انہوںنے کہاکہ مشرقی اور مغربی سرحدوں پر دہشت گری کا پشتیبان مودی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں 48 ویں روزسے کرفیو جاری ہے ۔ انسانیت سسک رہی ہے ، پورا عالم مجرمانہ غفلت کی نیندمیں ہے ۔

جہاد ہی علاج ہے ، حکومت اور ریاست عوامی جذبات کے مطابق حکمت و تدبر کے ساتھ بروقت فیصلہ کریں ۔ فرار اور غفلت و تاخیر ملک کے اندر انتشار مودی کو فائدہ اور کشمیریوں کی تحریک کا خون ہوگا ۔ [انہوںنے کہاکہ بھارت اندر سے کھوکھلا ہوچکاہے ۔ بھارت میں ایک درجن سے زائد علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں ۔ مودی نے آر ایس ایس کا ظلم و جبر اور تعصب پر مبنی ایجنڈا نافذ کرنے کی جو کوشش کی ہے وہ بھارت کو ٹکڑوں میں تقسیم کر کے چھوڑے گا۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے صرف سعودی سلامتی پر حملہ نہیں یہ دنیا کے امن اور عالم اسلام پر حملہ ہے ۔ حملہ کہا ں سے ہوا ، کس نے کیا ساری صورتحال کا فائدہ امریکی عزائم کو اور نقصان عالم اسلام کا ہے ۔ اتحاد امت کے جذبہ کو دفنایا نہ جائے ، اتحاد امت ہی مسائل کا حل ہے ۔ لیاقت بلوچ نے پاک افغان بارڈر مہمند میں بارودی سرنگ کے ذریعے دہشتگردی میں پاک فوج کے میجر اور سپاہی کی شہادت پر گہرے دکھ و افسوس اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ان شہادتوں سے پوری قوم کا حوصلہ اور عزم بڑھتاہے۔