حسن ابدال،کم عمر رکشہ ڈرائیور موت بانٹنے لگے،غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور تیز رفتاری کے باعث حادثات معمول بن گئے

ہفتہ 21 ستمبر 2019 23:28

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2019ء) حسن ابدال،کم عمر رکشہ ڈرائیور موت بانٹنے لگے،غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور تیز رفتاری کے باعث حادثات معمول بن گئے ۔قانوناًPSVلائسنس کے بغیر سواریوں والی گاڑی یا رکشہ چلانا سخت جرم ہے جبکہ رکشہ چلانے والے اکثر وبیشتر ڈرائیور وں کے پاس لائسنس تو درکنار قومی شناختی کارڈ تک نہیں ۔

ہائی ویز ،ٹریفک پولیس اور اِنتظامیہ کی کھولی چھوٹ کم عمر اور نا تجربہ کار رکشہ ڈرائیوروں کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں کئی افراد اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ کئی عمربھر کے لئے معذوری کی زندگی گزارنے پر مجبور۔اربارب اختیار سے فوری کاروائی کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق حسن ابدال اور گردونواح کے علاقوا میں رکشہ چلانے والوں کی اکثریت کم عمر اور نا تجربہ کار لڑکوں پر مشتمل ہے جو دوارن ڈرائیونگ اِنتہائی تیز رفتاری ،غفلت کے ساتھ مختلف قسم کے کرتب کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

رکشوں میں بلند آواز بیہودہ گانے اور سواریوں بالاخصوص خواتین اور فیملی کے ہمراہ سفر کرنے والوں سے بدتمیزی اور لڑائی جھگڑے معمول بن گئے ہیں۔سواریوں والی گاڑی یا رکشہ چلانے کے لئے قانوناً ڈرائیور کے پاس پبلک سروس لائسنس ہونا ضروری ہے جس کے بعد ہی وہ روڈ پر ڈرائیونگ کرسکتا ہے مگر حسن ابدال اور گردونواح میں حالت یہ ہے کم عمراور ناتجربہ کار رکشہ ڈرائیوروں کے پاس PSVلائسنس ہونا تودرکنار اکثروبیشتر کے پاس قومی شناختی کارڈ تک موجود نہیں ۔

شہر کی سڑکوں کو جی ٹی روڈ پر کھلے عام موت بانٹنے والوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویزپولیس ،مقامی ٹریفک پولیس اور اِنتظامیہ کی چشم پوشی کی وجہ سے حادثات معمول بن چکے ہیں جن میں کئی افراد اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں جبکہ بیشتر عمر بھر کے لئے معذوری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔اِس اِنتہائی اہم اور حساس نوعیت کے معاملہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس ،ٹریفک پولیس اور اِنتظامیہ کی خاموشی معنی خیز ہے ۔

اہلیان حسن ابدال نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حسن ابدال اور گردونواح میں کم عمر لڑکوں کے رکشہ چلانے ،تیز رفتاری اور غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائیں تاکہ عوام آئے روز ہونے والے حادثات سے محفوظ ہوسکیں۔