تنظیم المدارس کے اختلافات شدت اختیار کر گئے

صوبائی الیکشن میں لڑائی ، مار کٹائی اور ہنگامہ آرائی کے بعد صوبائی الیکشن کا بائیکاٹ کر دیا گیا

ہفتہ 21 ستمبر 2019 23:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2019ء) تنظیم المدارس کے اختلافات شدت اختیار کر گئے، صوبائی الیکشن میں لڑائی ، مار کٹائی اور ہنگامہ آرائی کے بعد مدارس ایکشن کمیٹی نے ایک ہزار مدارس ناظمین کے ساتھ صوبائی الیکشن کا بائیکاٹ کر دیا ۔ تنظیم المدارس صوبہ پنجاب کے جامعہ قادریہ عالمیہ نیک آباد میں ہونے والے الیکشن کے موقع پر شدید ہنگامہ آرائی کی وجہ سے الیکشن پانچ گھنٹے رکا رہا ۔

اس دوران ایکشن کمیٹی اور برسراقتدار مفتی منیب گروپ کے افراد آپس میں الجھ پڑے اور لڑائی مار کٹائی سے کئی علما زخمی بھی ہو گئے ۔ اس موقع پر ایکشن کمیٹی کے حامی ناظمین مدارس نے مفتی منیب الرحمن کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور غیر آئینی الیکشن روکنے کا مطالبہ کیا ۔

(جاری ہے)

ایکشن کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے کل چودہ سو ووٹرز میں سے ایک ہزار ووٹرز نے ہمارے ساتھ جعلی الیکشن کا بائیکاٹ کیا ۔

واضع اکثریت کے بائیکاٹ کے بعد صوبائی الیکشن کی کوئی آئینی اور اخلاقی حیثیت نہیں اس لئے مدارس ایکشن کمیٹی بوگس الیکشن کے جعلی نتائج کو مسترد کرتی ہے ۔ تنظیم المدارس کے مرکزی ناظم اعلی کے امیدوار صاحبزادہ حسین رضا نے کہا ہے کہ جائز اور آئینی مطالبات تسلیم نہ ہونے کی وجہ سے بائیکاٹ پر مجبور ہوئے ۔ تنظیم المدارس پر مسلط مفاد پرست قبضہ گروپ نے صوبائی الیکشن میں دھونس دھاندلی اور غنڈہ گردی کی انتہا کر دی ہے ۔

جانبدار الیکشن کمیٹی کی نگرانی میں ہونے والے الیکشن کو نہیں مانتے ۔ الیکشن کے نام پر ڈرامہ کیا گیا ہے ۔ انتخابی کمیٹی کا ممبر اسحاق ظفر جعلی ووٹ کاسٹ کرواتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ تنظیم المدارس پنجاب کے الیکشن میں قابض ٹولے نے بدمعاشی اور بے ضابطگیوں کی انتہا کر دی ہے ۔

غیر آئینی الیکشن کو مسترد کرتے ہیں ۔ ہمارے جائز اور معقول تحفظات دور نہیں کئے گئے اس لئے اب ہم اپنے فیصلے کرنے میں آذاد ہیں ۔ تنظیم المدارس کے انتشار کی ذمہ داری مفتی منیب گروپ پر عائد ہوتی ہے جن کی ہٹ دھرمی اور من مانی سے مدارس کی اکثریت سخت نالاں ہے ۔ جے یو پی کے مرکزی نائب صدر پیر سید محفوظ مشہدی نے کہا ہے کہ تنظیم المدارس پنجاب کے الیکشن کا ڈرامہ فلاپ ہو گیا ہے ۔ مفتی منیب گروپ کی غنڈہ گردی نہیں چلنے دیں گے ۔ تنظیم المدارس کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے ۔ صوبائی الیکشن کا سارا عمل غیر آئینی اور غیر قانونی ہے ۔ الیکشن کے جعلی نتائج کو تسلیم نہیں کرتے ۔ 6 اکتوبر کو ایوان اقبال لاہور میں ہونے والے مدارس کنونشن میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔