حریت فورم کی میرواعظ کے کسی معاہدے پر دستخط کرنے کی تردید

فورم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر قائم اوراپنے عوام کے ساتھ ہے

اتوار 22 ستمبر 2019 00:10

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میں میرواعظ عمرفاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے بھارتی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی اس خبرکی دوٹوک الفاظ میں تردید کی ہے کہ فورم کے چیئرمین نے اپنی رہائی کے لیے سیاسی سرگرمیوں میں شرکت نہ کرنے کے کسی معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فورم نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ حریت فورم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور ان غیر معمولی حالات میں اپنے عوام کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیا کہ میرواعظ عمرفاروق 5اگست سے مسلسل اپنے گھر میں نظربند ہیں اور کسی سے رابطہ نہیں کرسکتے ۔ بیان میںکہاگیا کہ میرواعظ کے کسی معاہدے پر دستخط کرنے کے بارے میںبھارتی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں اوریہ بے بنیاد ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی خبروں میں کہا گیاتھا کہ میرواعظ ان سات گرفتار رہنمائوں میں شامل ہیں جنہیں دفعہ 370کے خاتمے کے بعد نظربند کیاگیا تھا اور انہوںنے اپنی رہائی کے لیے سیاسی سرگرمیوں شرکت نہ کرنے کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔