ہر غدار فرار

سوشل میڈیا ٹرینڈ نے عوام میں شعور بھر دیا

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 22 ستمبر 2019 06:37

ہر غدار فرار
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2019ء)   گزشتہ دنوں گلالئی اسماعیل کے ملک سے فرار ہونے اور امریکہ پہنچ کر سیاسی پناہ کی درخواست کرنے کی خبر چلی۔گلالئی کے ملک سے فرار ہونے کے حوالے سے کسی بھی ایئرپورٹ سے اس کا ڈیٹا نہیں مل رہا کہ وہ باہر کیسے گئی اور اس کی مدد کس نے کی۔قرین قیاس ہے کہ وہ افغانستان کے راستے ملک سے فرار ہوئی ہیں۔

ان سے قبل بھی کئی ایسے لوگ جن پر ملک سے غداری یا پر قومی خزانہ لوٹنے کے کیسز چل رہے ہیں وہ ملک سے باہر گئے اور آج تک واپس نہیں آئے۔سونے پر سہاگہ کہ اسی موقعہ پر محسن داوڑ اور علی وزیر کو بھی مشروط طور پر جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔لہٰذ اسوشل میڈیا صارفین نے سوشل سائٹ ٹوئٹر ”ہر غدار فرارکیسے“کے نام سے ٹرینڈ چلا دیا کہ جو بھی پاکستان مخالف ہے وہ باہر بھاگ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سوشل میڈیا صارفین نے کئی سیاستدانوں فوجی جرنیلوں اوردیگر غدار وطن افراد پر طعن و تشنیع کی جو ملک سے باہر بیٹھے ہوئے ہیں اور پاک آرمی کے خلاف زہر اگلتے رہتے ہیں۔گلالئی اسماعیل کے ملک سے فرار ہونے اور محسن داوڑ اور علی وزیر کو رہا کرنے پر لوگوں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔انہوں نے پاک آرمی اور دیگر فورسز کی تعریف کی کہ یہ لوگ جان پر کھیل کر ملک و ملت کا خیال رکھتے ہیں اور ہم ان کی قربانیوں کو اس وقت ضائع کر بیٹھتے ہیں جب یہ غدار لوگ باہر ملک فرار ہو جاتے ہیں اور پھر کبھی باہر نہیں آتے۔

اس ٹرینڈ میں لوگوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کی اور وزیر داخلہ کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ جواب دیں یہ لوگ ملک سے کیسے فرار ہو رہے ہیں۔ایسے ٹرینڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ پاکستان سے کتنی محبت کرتے ہیں اور ملک کے غداروں کو کسی قیمت پر رعایت دینے کے حق میں قطعی نہیں ہیں اس حوالے حکومت کو بھی خصوصی غورو فکر کرنے کی ضرورت ہے۔