شہری مفت انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم

تبدیلی سرکار نے پنجاب فری وائی فائی کی ڈیوایؤئسز اتار لی ہیں

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 22 ستمبر 2019 06:38

شہری مفت انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم
 لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2019ء)   تبدیلی سرکار کا بس نہیں چلتا کہ سابقہ حکومت کے شروع کیے گئے ایک ایک کام کو لپیٹ دے۔انہیں جہاں بھی سابقہ حکومت کی بہترین پرفارمنس نظر آتی ہے یا پھر عوام کے لیے سہولت موجود ہوتی ہے اس کا فوری خاتمہ کر ڈالتے ہیں۔اب معلوم نہیں کہ وہ سابق حکومت کو نااہل ثابت کرنے کے چکر میں ہیں یا پھر عوام کو ذلیل کرنے کے۔

شہر میں چلنے والی سرکاری ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھا دیے۔جس اورنج ٹرین کو چلانے کے لیے سابق حکومت نے اربوں روپے لگائے اور لاہور کے لاکھوں افراد نے کئی ٹن مٹی پھانک ڈالی اس کو ابھی تک نہیں چلایا جا سکا۔اس کے علاوہ بھی ترقیاتی کام تقریباً روک دیے گئے۔سابق حکومت نے ایک اور کارنامہ بھی دیا تھا کہ انہوں نے جگہ جگہ وائی فائی کے سگنل دیے تھے۔

(جاری ہے)

پبلک ٹرانسپورٹ کی جگہ،اسپتال،سرکاری دفاتر اور دیگر اہم شاہراہوں اور مقامات پر آپ کو فری انٹرنیٹ مہیا ہوتا تھا۔اس سے یہ فائدہ ہوتا تھا کہ اگر کسی کو لوکیشن معلوم کرنا ہوتی تووہ آسانی سے وائی فائی آن کر کے کر سکتا تھا،انٹرنیٹ کے ذریعے اپنوں کوایمرجنسی کال بھی کر سکتا تھا اگر اس کے پاس بیلنس نہ ہو،پرائیویٹ ٹیکسی بھی منگوائی جا سکتی تھی۔

کوئی بھی طالبعلم ایسی جگہ بیٹھ کر فری انٹرنیٹ کی سہولت سے اپنا ریسرچ ورک بھی مکمل کر سکتا تھا مگر تبدیلی حکومت کو سابق حکومت کا یہ کارنامہ بھی پسند نہیں آیا اور اس نے پورے لاہور میں یہ سہولت ختم کر دی اور ڈیوائسز بھی اتار پھینکی ہیں۔سمجھ نہیں آتی کہ موجودہ حکومت کس چکر میں ہے خود تو وہ کوئی عوام کی سہولت کا منصوبہ ابھی تک لانچ نہیں کر سکی مگر سابق حکومت کے شروع کیے گئے عوام سہولت منصوبے بھی بند کرنا شروع کر دیے ہیں جس پر عوام دہائیاں دیتے نظر آتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :