Live Updates

کوئی طاقت کشمیریوں کو یہ ناجائز لائن عبور کرنے سے نہیں روک سکتی

وزیراعظم آزاد کشمیر نے ایل او سی کراس کرنے کا عندیہ دے دیا

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 22 ستمبر 2019 06:41

کوئی طاقت کشمیریوں کو یہ ناجائز لائن عبور کرنے سے نہیں روک سکتی
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2019ء)   آج ڈیڑھ مہینہ گزر چکا مگر کشمیر میں کرفیو نافذ ہے۔عالمی برادری میں سے کسی میں ہمت نہیں کہ وہ بھارت کو اپنے اس بہیمانہ اقدام سے روکے۔وزیراعظم عمران خان نے اپنی قوم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لائن آف کنٹرول پار کرکے کشمیر نہ جائیں کیونکہ وہ اس ایشو کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا چاہتے اور ملک میں امن پیدا کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

مگر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ ہم لائن آف کنٹرول کے اس پار جانا چاہتے ہیں اور اس کے لیے کسی طاقت سے نہیں ڈرتے صرف ہمیں اسلام آباد کی اجازت کی ضرورت ہے۔اس وقت عمران خان امریکہ کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے جنرل اسمبلی سے خطاب کرنا ہے۔قوم کی امیدیں عالمی برادری سے جڑی ہیں دیکھتے ہیں کہ عمران خان اس دورے میں کتنی کامیابی سمیٹ لاتے ہیں مگر کشمیر کے حالات ایمرجنسی ایکشن کے متقاضی ہیں جس بات سے متعلق وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھی اپنی گفتگو میں اشارہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

چکوٹھی میں بھارتی فوج کی شیلنگ کا نشانہ بننے والے مقامی افراد کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے راجا فاروق حیدر نے کہا کہ 'مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائی اور بہنیں زیرعتاب ہیں، جب وہاں ان کی راتیں بغیر نیند کے گزر جاتی ہیں تو ہم یہاں کیسے سکون کی نیند سو سکتے ہیں '۔ایل او سی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'کوئی طاقت کشمیریوں کو یہ ناجائز لائن عبور کرنے سے نہیں روک سکتی'۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو مسلسل یاد دلا رہے ہیں کہ وہ اپنے دیے ہوئے حقوق کے مطابق ان کی قسمت کا فیصلہ کریں۔انہوں نے کہا کہ 'ہمارا صرف ایک ہی نعرہ ہے، حق خود ارادیت، گیند اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے کورٹ میں ہے'۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ میں آخری سانس تک اپنے موقف پر قائم رہوں گا۔انہوں نے سیاسی جماعتوں اور سول سائٹی کی جانب سے ان کی تقریر کو سراہنے پر شکریہ ادا کیا اور واضح کیا کہ انہوں نے مودبانہ انداز میں کشمیریوں کی حکومت پاکستان سے وابستہ امیدوں کے حوالے سے ابہام کو دور کرنے کی کوشش کی ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 'مین اسٹریم میڈیا نے ہمارے کاز کے لیے اس تاریخی وقت میں غیر معمولی کوریج دی جس پر میں ان کا مشکور ہوں '۔ان کا کہنا تھا کہ تمام شہری اپنی مسلح افواج کے ساتھ دشمن کو بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ 'کوئی بھی فوج مقامی افراد کے تعاون کے بغیر نہیں لڑ سکتی جبکہ مقبوضہ کشمیر میں عوام بھارتی فوج سے نفرت کرتے ہیں اور پاکستانی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں '۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات