Live Updates

وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل کونسل میںمظلوم کشمیریوں کے سفیر بن کر دو ٹوک موقف دنیا کے سامنے رکھیں گے ،مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہونے والا ہے، مومنہ وحید

اتوار 22 ستمبر 2019 13:30

لاہور۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2019ء) چیئر پرسن سٹیڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم و رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کشمیر کی مائوں، بہنوں، بیٹوں، بزرگوں اور بچوں کا مقدمہ لڑنے کے لئے انسانی حقوق کے علمبرداروں اور عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لئے ہر عالمی فورم پر جارہے ہیں، وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل کونسل میں نہتے ،مظلوم کشمیریوں کا وکیل اور سفیر بن کر اپنا دو ٹوک موقف دنیا کے سامنے رکھیں گے ،مقبوضہ کشمیر میں ظلم،جبر اور ریاستی دہشت گردی کا دورختم اور آزادی کا سورج طلوع ہونے والا ہے ۔

سرکاری تعلیمی اداروں کی طرح پرائیویٹ تعلیمی ادراوں میں بھی نئی نسل کو تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ قومی کاز سے بھی احسن طریقے سے آگاہ رکھا جارہا ہے ، نئی نسل کشمیر کاز کے ساتھ کھڑی ہو کر پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کا محافظ بن چکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پوری قوم مظلوم ،قیدی ،ستم زدہ اور استحصال کا شکار کشمیریوں کے ساتھ کھڑ ے ہوکر بھارتی ظلم ،جبر ،طاقت اور ریاستی دہشت گردی کو مسترد کر رہے ہیں ،آج پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کے بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہا ہے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے علمبردار جو ساحل پر ایک بچی کی تصویر پر اٹھ کھڑے ہوتے ہیں اور ممالک اپنی سرحدیں کھول دیتے ہیں ،مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے لئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے خاموش کیوں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بچوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے پاکستان ہر فورم پر ان کی آواز بلند کر رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات