وزیر اعظم عمران خان واضح کرچکے اب ڈیل نہیں ہوگی، ہمایو ں اختر

قانون کے مطابق مقدمے سنے اور نمٹائے جارہے ہیں، وزیراعظم کہہ چکے لوٹی ہوئی رقم کی ریکوری ہوجائے تو کوئی اعتراض نہیں ، انٹرویو

اتوار ستمبر 15:10

وزیر اعظم عمران خان واضح کرچکے اب ڈیل نہیں ہوگی، ہمایو ں اختر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان واضح کرچکے کہ اب ڈیل نہیں ہوگی۔ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ این آر او یا ڈیل کا مطلب پاکستان کے قوانین کونہیں ماننا ہوتا ہے، اپوزیشن پرمقدمات ہم نے نہیں بنائے۔انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے ایک دوسرے پرمقدمات بنائے، اب حکومت اپنا کام کررہی ہے، قانون کے مطابق مقدمے سنے اور نمٹائے جارہے ہیں، وزیراعظم کہہ چکے لوٹی ہوئی رقم کی ریکوری ہوجائے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ۔

ہمایوں اختر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان واضح اورکئی مرتبہ کہہ چکے ڈیل نہیں ہوگی، مسلم لیگ (ن )پیسوں کی ریکوری کا سن کر خاموش ہوجاتی ہے۔انہوںنے کہاکہ میری ذاتی رائے ہے کہ مسلم لیگ ن کی خاموشی سے تاثر ملتا ہے کہیں نہ کہیں کوئی بات چل رہی ہے، میری پیشگوئی ہے کچھ عرصہ میں (ن )لیگ کے اہم رہنمابیرونِ ملک چلے جائیں گے اور شہباز شریف مسلم لیگ ن کی قیادت سنبھالیں گے، مسلم لیگ ن میں کوئی نہ کوئی تبدیلی آنے والی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کو 5سال کامینڈیٹ ملا، ہم ابھی معیشت بہترکررہے ہیں، آئی ایم ایف نے پاکستان کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا، ابھی مشکل وقت ضرورہے مگر عوام امیدرکھیں اچھاوقت ضرور آئیگا، عمران خان کا اپنااسٹائل ہے وہ ٹیم کو بھی پورا موقع دیتے ہیں اور پرفارم نہ کرنے پر ٹیم تبدیل کرتے ہیں۔