بابو سر کے پہاڑی علاقے میں حادثے کا شکار ہونے والی بس میں 10فوجی جوان شہید

حادثے کے فوری بعد پاک فوج کے دستے وہاں پہنچ گئے، فوجی ہیلی کاپٹر سے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا: آئی ایس پی آر

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 22 ستمبر 2019 15:55

بابو سر کے پہاڑی علاقے میں حادثے کا شکار ہونے والی بس میں 10فوجی جوان ..
چلاس (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22ستمبر2019ء) بابو سر کے پہاڑی علاقے میں حادثے کا شکار ہونے والی بس میں 10فوجی جوان شہید ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح سکردو سے راولپنڈی جانے والی مسافر کوچ حادثے کا شکار ہو گئی، حادثے میں 26 افراد جاں بحق جبکہ 18زخمی ہو گئے ۔ بابو سر ٹاپ کے پاس بس پہاڑ سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہو ئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کے فوری بعد پاک فوج کے دستے وہاں پہنچ گئے، فوجی ہیلی کاپٹر سے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس حادثے میں 26 افراد شہید ہوئے ہیں جن میں 10 شہداء کا تعلق پاک فوج سے ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بابوسر کے مقام پر بس حادثے کے زخمیوں اور شہداء کو وہاں سے گلگت سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کرنے کے لیے فی الفور پاک فوج کے ہیلی کاپٹر وہاں بھیج دیئے تھے جہاں سے پاک فوج کی ریسکیو ٹیم کے اہلکاروں نے بس کے تمام شہداء اور زخمی مسافروں کو ہسپتال پہنچا دیا ہے۔

(جاری ہے)

سی ایم ایچ گلگت میں زخمیوں کا علاج معالجہ جاری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسافر کوچ سکردو سے راولپنڈی جا رہی تھی کہ چٹان سے ٹکر اکرکھائی میں جاگری۔اس افسوسناک حادثے میں 26 مسافر جاں بحق ہو گئے جن میں سے 10فوجی جوان تھے جبکہ 18 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پہنچ گئی تھیں، فوجی ہیلی کاپٹر اور فوجی ریسکیو ٹیموں نے بھی اس آپریشن میں حصہ لیا اور جاں بحق اور زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا۔ حادثے کے فوراََ بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال چلاس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی اور ڈاکٹروں کو گھر سے بلا لیا گیا تھا۔ جاں بحق افراد اور زخمیوں میں بچے اورخواتین بھی شامل ہیں اور انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال کی بجائے سی ایم ایچ گلگت منتقل کیا گیا ہے۔