ٹی ٹین کرکٹ لیگ 14نومبر سے شیخ زید اسٹیڈیم ابو ظہبی میں شروع ہوگی

ٹی ٹین کرکٹ لیگ ، لاہور قلندر کا پہلی بار شرکت کا فیصلہ، شاہد آفریدی آئی کون ہونگے

اتوار 22 ستمبر 2019 19:20

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) ٹی ٹین کرکٹ لیگ 14نومبر سے شیخ زید اسٹیڈیم ابو ظہبی میں شروع ہوگی ، افتتاحی میچ پندرہ نومبر کو کھیلا جائیگا جبکہ ٹی ٹین کرکٹ لیگ میں لاہور قلندرز کی ٹیم نے پہلی بار شرکت کا فیصلہ کیا ہے،سابق کپتان شاہد خان آفریدی ٹیم قلندرز کے آئی کون کھلاڑی ہوں گے۔اتوار کو لاہور قلندرز کے چیئرمین رانا فواد، چیف آپریٹنگ آفیسر رانا ثمین اور چیف ایگزیکٹیو رانا عاطف نے ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے جنرل سیکریٹری عارف العوانی اور سی ای او میتھیو بائوچر اور ٹی ٹین کی سی ای او شیجی الملک نے پریس کانفرنس میں ٹورنامنٹ کی تفصیلات کا اعلان کیا۔

عارف العوانی نے کہا کہ ٹورنامنٹ ہر سال ابوظہبی میں ہوگا اور ہمارا معاہدہ 2023 تک ہے۔

(جاری ہے)

رانا فواد نے کہا کہ اس گراونڈ سے ہماری خوشگوار یادیں وابستہ ہیں، ہم یہاں کلب ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔ہم نے ہمیشہ ٹیلنٹ کی تلاش میں اپنا کردار ادا کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم غیر معروف اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش میں رہتے ہیں۔چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کے مطابق یہ ہمارے ماضی کے منصوبوں کی طرح ایک اور بڑا قدم ہوگا، ہم ہمیشہ کھیل اور کھلاڑی کے رشتے کو مضبوط کرنے کے خواہش مند رہے ہیں اور اس مثبت سوچ نے ہمارے لیے آگے بڑھنے کے راستوں کو مزید ہموار کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ لاہور قلندرز کی فیملی کا حصہ بن کر خوشی محسوس کررہا ہوں امید ہے کہ یہ فارمیٹ قلندرز کے لئے کامیاب رہے گا،اس فارمیٹ سے اچھے آل راونڈرز ملیں گے۔رانا عاطف نے کہا کہ عاقب جاوید اور ثمین کوشش کررہے ہیں کہ مضبوط ٹیم تیار کریں۔ دس روزہ ٹورنامنٹ میں29میچ ہوں گے۔ گذشتہ دو سال کے دوران شارجہ میں اس لیگ میں دنیا کے صف اول کے کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی۔