Live Updates

12 سالہ بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار مولوی نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا

مولوی لیاقت نے ایک دن حوالات کی ہوا کھانے کے بعد اقبال جرم کر لیا، مولوی لیاقت کی گرفتاری پر والدین سمیت اہل محلہ پولیس سے خفا تھے، تاہم اب جرم ثابت ہونے کے بعد سخت سزا کا مطالبہ کر رہے ہیں

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 22 ستمبر 2019 20:13

12 سالہ بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار مولوی نے اپنے جرم ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 ستمبر2019ء) 12 سالہ بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار مولوی نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ مولوی لیاقت نے ایک دن حوالات کی ہوا کھانے کے بعد اقبال جرم کر لیا، مولوی لیاقت کی گرفتاری پر والدین سمیت اہل محلہ پولیس سے خفا تھے، تاہم اب جرم ثابت ہونے کے بعد سخت سزا کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں پیش آئے ایک دلخراش واقعے نے انسانیت کا سر ایک مرتبہ پھر شرم سے جھکا دیا ہے جس میں 12 سالہ بچے کو دینی تعلیم دینے والے قاری نے متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

گزشتہ روز ایس پی صدر راﺅ مظہر اقبال کا کہنا تھا کہ 12 سالہ بچہ دھمیال کیمپ کی مسجد میں مولوی لیاقت سے دینی تعلیم حاصل کرتا تھا۔ جب پولیس نے بچے کے ساتھ زیادتی کی اطلاع ملنے پر کارروائی کی تو متاثرہ بچے کے والدین یقین نہیں کرتے تھے کہ مولوی بھی ایسا کر سکتا ہے، بچے کے والدین کے ساتھ ساتھ اہل محلہ بھی مولوی کو بے قصور گردانتے تھے، تاہم پولیس کو بچے سے زیادتی کی شکایت ملی جس پر فوراََ کارروائی عمل میں لائی گئی اور اس کے بعد تحقیقات میں یہ بات ثابت ہو گئی کہ بچے کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

مزید تفصیلات کے مطابق زیادتی کا شکار بچے کے والدین جو اس بات کا یقین نہیں کر پا رہے تھے کہ مولوی ایسا کر سکتا ہے وہ اب سخت نالاں ہیں اور اہل محلہ بھی شدید غم وغصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ جرم ثابت ہونے کے بعد متاثرہ بچے کے والدین کا مطالبہ ہے ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ اسی ضمن میں سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی محمد فیصل رانا نے ایس پی صدر کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم کواس جرم کی سخت سے سخت سزا دلوائی جائے تا کہ آئندہ معاشرے میں ایسا گھناﺅنا جرم کرنے کا کوئی سوچ بھی نہ سکے۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل پنجاب کے ضلع قصور کے ایک شہر چونیاں میں بھی تین بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔ زیادتی کے بعد قتل ہونے والے بچوں کے اہلخانہ کے شدید احتجاج کے بعد پنجاب پولیس اور انتظامیہ حرکت میں آئی اور وزیراعظم عمران خان نے بھی واقعے کا نوٹس لیا جس کے بعد ایسے گھناؤنے واقعات کے خلاف پولیس کی جانب سے ملک گھیر آپریشن کرنے کا عزم کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات