Live Updates

آڈیٹر جنرل کی رپورٹس گزشتہ حکومت کے سیاہ کارنامے ہیں، اس حوالے سے اخبارات میں چھپنے والی رپورٹس موجودہ دور حکومت سے متعلق نہیں ہیں، گزشتہ ادوار کی آڈٹ رپورٹس کو موجودہ دور حکومت سے جوڑا جارہا ہے،متعلقہ اداروں کو جھوٹی خبریں پھیلانے پر کارروائی کرنی چاہیے

تحریک انصاف کے سینیئر رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کا بیان

اتوار 22 ستمبر 2019 20:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2019ء) تحریک انصاف کے سینیئر رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹس گزشتہ حکومت کے سیاہ کارنامے ہیں، اس حوالے سے اخبارات میں چھپنے والی رپورٹس موجودہ دور حکومت سے متعلق نہیں ہیں، گزشتہ ادوار کی آڈٹ رپورٹس کو موجودہ دور حکومت سے جوڑا جارہا ہے،متعلقہ اداروں کو جھوٹی خبریں پھیلانے پر کارروائی کرنی چاہیے۔

اتوار کو پی ٹی آئی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ دو سابق وزراء اور ایک پارلیمانی سیکرٹری نے آڈٹ رپورٹس سے متعلق جھوٹی خبروں کا آغاز کیا، آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹس گزشتہ حکومت کے سیاہ کارنامے ہیں، جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف متعلقہ اداروں کو کارروائی کرنی چاہیئے، فیک نیوز کی ترویج الیکٹرانک کرائم ہے جس پر ایف آئی اے کو کار روائی کرنی چاہیے، اپنے دور میں ہونے والی مالی بے ضابطگیوں کو موجودہ حکومت کے سر تھوپنا معیشت کے خلاف جاری پروپیگنڈا کا حصہ ہے، جاری کھاتوں کے خسارے میں کمی، درآمدات میں اضافہ بہتر معیشت کے اعشاریے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ حکومت اسحاق ڈار کی طرح جعلی اعدادوشمار دے کر قوم کو دھوکے میں نہیں رکھے گی، کشمیر سے ہمدردی نہ رکھنے والا طبقہ ملک میں افراتفری چاہتا ہے، پی ٹی آئی حکومت کو 5 سالہ حکمرانی کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے،ن لیگ اور پیپلزپارٹی پارلیمانی سیاست میں ناکامی کے بعد مذہب کے نام پر سیاست کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد لاک ڈاؤن کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ موجود ہے،اسلام آباد لاک ڈاون کرنا ہائیکورٹ کے فیصلے کی توہین ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات