خلیج میں مزید فوجی دستوں کی تعیناتی کا مقصد محاذ آرائی سے بچنا ہے. مائیک پومپیو

امریکا جنگ نہیں چاہتا مگر اپنے اتحادیوں کے دفاع اور ممکنہ جارحیت کا جواب ضروردیں گے. امریکی وزیر خارجہ کا انٹرویو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 23 ستمبر 2019 09:53

خلیج میں مزید فوجی دستوں کی تعیناتی کا مقصد محاذ آرائی سے بچنا ہے. مائیک ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 ستمبر۔2019ء) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے واضح کیا ہے کہ امریکہ کی خلیج میں مزید فوجی دستوں کی تعیناتی کا مقصد محاذ آرائی سے بچنا اور دفاع کو یقینی بنانا ہے. امریکی وزیر خارجہ نے یہ بات امریکی ٹی وی چینل سے انٹرویومیں کہی‘مائیک پومپیو کی جانب سے یہ بات ایرانی صدر حسن روحانی کے اس بیان کے بعد کہی گئی ہے جس میں انہوں نے متنبہ کیا تھا کہ غیر ملکی افواج خلیج کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں.

(جاری ہے)

ایرانی صدر کا یہ بیان امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے خطے میں مزید فوجی تعینات کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا تھا‘ایرانی صدر نے کہا تھا کہ غیر ملکی افواج خطے میں ہمیشہ درد اور مصیبت لائی ہیں اور انھیں اسلحے کی دوڑ میں استعمال نہیں کیا جانا چاہیے. مائیک پومپیو نے کہا کہ وہ یہ امید رکھتے ہیں کہ جنگ سے باز رکھنے جیسے اقدامات بھی اگر ناکام ہوتے ہیں تو پھر امریکی صدر مزید اقدامات اٹھائیں گے، جس کا ایرانی قیادت کو خوب پتا ہے.

مائیک پومپیو نے یہ بھی وضاحت دی کہ ہمارا مقصد جنگ سے بچنا ہے امریکی وزیر دفاع مارک اسپر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امریکی فوجی دستوں کی خلیج میں تعیناتی کا مقصد جنگ سے باز رکھنا اور دفاع کو یقینی بنانا ہے. صدر روحانی نے یہ بھی کہا کہ ایران آنے والے دنوں میں خلیج میں امن کے لیے نیا منصوبہ اقوامِ متحدہ میں پیش کرے گا‘ان کا یہ بیان ایران اور عراق کے درمیان 1980 سے 1988 تک جاری رہنے والے جنگ کی سالگرہ کے موقع پر سامنے آیا.

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی تیل کی دو بڑی تنصیبات پر حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی جن میں آرامکو کمپنی کے بڑے آئل پروسیسنگ پلانٹ ابقیق اور مغربی آئل فیلڈ خریص شامل ہیں. امریکہ اور سعودی عرب نے ان حملوں کی ذمہ داری ایران پر عائد کی ہے جبکہ ایران نے اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے‘سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی درخواست پر امریکہ نے سعودی عرب میں اپنی مزید افواج تعینات کا فیصلہ کیا .