دو بھارتی جاسوسوں کے کلبھوشن یادیو کا نیٹ ورک چلانے کا انکشاف ہو گیا

دونوں آپریٹوز بلوچستان میں دہشتگرد آپریشنز میں ملوث اور بھارت کے جاسوس کلبھوشن یادیو کا نیٹ ورک چلا رہے ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 23 ستمبر 2019 10:47

دو بھارتی جاسوسوں کے کلبھوشن یادیو کا نیٹ ورک چلانے کا انکشاف ہو گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 ستمبر 2019ء) : کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور پاک فوج کی زیر حراست میں ہونے کے بعد سے سمجھا جا رہا تھا کہ پاکستان میں را کا نیٹ ورک پکڑا گیا ہے اور اب کوئی بھی اس نیٹ ورک میں آپریٹ نہیں کررہا تاہم اب بھارت کے دو جاسوسوں کی جانب سے کلبھوشن یادیو کا نیٹ ورک چلانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس حوالے سے قومی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ٹاپ انٹیلی جنس اداروں نے بھارتی ایجنسی ''را'' کے دو آپریٹوز کی موومنٹ افغانستان کے تین صوبوں اور ایران کے بارڈر ایریاز میں سپاٹ کی ہے۔

یہ دونوں آپریٹوز بلوچستان میں دہشتگرد آپریشنز میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ بھارت کے ٹاپ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کا نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔ اعلیٰ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی ایجنسی را کے ایریا (1) پاکستان ڈیسک کے دو آپریٹوز ،جن کے نام سوامی عصیم آنند اور گوبند پاٹل ہیں، کی موومنٹ افغان صوبہ قندھار ،ننگرہار اور کابل میں سپاٹ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ پاکستان کے ساتھ ایران کے بارڈرنگ ایریاز میں ان کی موومنٹ سپاٹ کی گئی ۔ را آپریٹوزسوامی عصیم آنند اور گوبند پاٹل کی موومنٹ افغان صوبہ قندھار میں قائم بھارتی قونصل خانے قندھار ،صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد میں قائم قونصل خانے اور افغانستان کے وفاقی دارالحکومت کابل میں قائم سفارتخانے کے قریب راکے ڈپلومیٹک کور میں آپریٹ کرنے والے افسران کے ساتھ سپاٹ کی گئی ۔

کابل میں بھارتی سفارتخانے سے آپریٹ کرنے والے ''را'' کے سٹیشن چیف اور قندھار اور جلال آباد میں اس کے نائبین کے ساتھ ملاقاتیں سپاٹ کی گئیں۔ ان آپریٹوز کی موومنٹ ایرانی بلوچستان میں بھی سپاٹ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی ایجنسی کے آپریٹوز بلوچستان میں دہشتگرد آپریشنز میں ملوث ہیں اور کلبھوشن کا نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔ ملک کے ٹاپ انٹیلی جنس اداروں کے کاؤنٹر انٹیلی جنس آپریشنز کے نتیجے میں ہیومن اور ٹیکنیکل انٹیلی جنس انفارمیشن سے پتا چلا کہ عصیم آنند اور گوبند پاٹل کا رابطہ بلوچستان میں دہشتگردی میں ملوث گروپس بلوچ لیبریشن آرمی، بلوچستان ری پبلکن آرمی،یونائیٹد بلوچ آرمی ، لشکر بلوچستان اور بلوچستان لبریشن فرنٹ کے شر پسندوں سے ہے ۔

انہوں نے بتایا کاؤنٹر انٹیلی جنس سیکشنز کو ہیومن اور ٹیکنیکل انٹیلی جنس انفارمیشن سے معلوم ہوا کہ بھارتی ایجنسی ''را'' نے کمانڈر کلبھوشن نیٹ ورک آپریشنز کو آگے بڑھانے کے لیے ایک نئی ٹیم لانچ کی جو ایران اور افغانستان کے بارڈر ایریاز سے آپریٹ کر رہی ہے ۔ بلوچستان سے ان کے مقامی ایجنٹس کے پکڑے جانے کے بعد بھارتی ایجنسی کے آپریٹوز کی شناخت کا علم ہوا۔ انہوں نے بتایا ایران اور افغانستان میں متعلقہ حکام سے بھارتی نیٹ ورک سے متعلق معلومات شیئر کر دی گئی ہیں۔