دنیا کے سامنے بھارت کے مکروہ عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں . شاہ محمود قریشی

مقبوضہ کشمیرمیں انسانی جان بچانے والی دوائیں، خوراک تک میسر نہیں ہے. وزیرخارجہ کی نیویارک میں انٹرنیشنل کرائسز گروپ کے صدر سے ملاقات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 23 ستمبر 2019 12:12

دنیا کے سامنے بھارت کے مکروہ عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں . شاہ محمود قریشی
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 ستمبر۔2019ء) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی جان بچانے والی دوائیں، خوراک تک میسر نہیں ہے. نیویارک میں صدرانٹرنیشنل کرائسز گروپ نے پاکستانی وزیرخارجہ سے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا. شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست سے مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو نافذ لگا رکھا ہے، بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے‘وزیرخارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی جان بچانے والی دوائیں، خوراک تک میسر نہیں ہے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا، انسانی حقوق تنظیمیں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر رہی ہیں، خطے میں دیرپا قیام امن کے لیے باہمی تنازعات کا حل ناگزیر ہے . وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں خوف کا ماحول پیدا کیا ہوا ہے وادی میں ٹرانسپورٹ اور اسکول بند ہیں. واضح رہے کہ نیویارک میں کشمیری راہنماﺅں کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ دنیا کے سامنے بھارت کے مکروہ عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں مودی کا بیان دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے.

انہوں نے کہا توقع ہے جلد اقوام متحدہ کے مبصر کشمیر بھیجے جائیں گے. واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 50ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں. کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے.

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایک 15سالہ کشمیری نوجوان بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہوکر جان کی بازی ہارگیا تھا‘قابض بھارتی فوج نے 15 سالہ زیر حراست کشمیری نوجوان کو بدترین تشدد کر کے شہید کر دیا تھا. ضلع پلواما کے رہائشی 15 سالہ یاور احمد بٹ کو بھارتی فوج نے فوجی کیمپ میں انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا‘قابض بھارتی فوج کے بہیمانہ تشدد کے شکار نوجوان کی حالت بگڑنے پر اسے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا. قابض بھارتی فوج کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کو پلیٹ گن سے ہدف بنانے کاسلسلہ جاری ہے. سری نگر اور دیگر علاقوں کی بڑی مساجد میں کئی ہفتوں سے نماز جمعہ کے اجتماعات بھی نہیں ہوئے.