امریکی صدر کی کشمیریوں کے قاتل مودی کی ریلی میں شرکت پاکستان کیلئے ناقابل قبول ہے‘ سعد رفیق

امریکہ کو بتایا جائے افغانستان سے محفوظ راستہ کیلئے تعاون اور بھارت کی اندھی حمایت دونوں نہیں چل سکتے

پیر 23 ستمبر 2019 13:30

امریکی صدر کی کشمیریوں کے قاتل مودی کی ریلی میں شرکت پاکستان کیلئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ امریکی صدر کی کشمیریوں کے قاتل مودی کی ریلی میں شرکت پاکستان کیلئے ناقابل قبول ہے،پاکستان ہمت کرکے امریکی حکومت سے احتجاج کرے اورامریکہ کو بتایا جائے کہ افغانستان سے محفوظ راستہ کیلئے تعاون اور بھارت کی اندھی حمایت دونوں نہیں چل سکتے ۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا کوجاری کئے گئے تحریری بیان میں خواجہ سعد ر فیق نے کہا کہ حکومت قوم کو جواب دے کہ اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس میں کشمیر کرائسز کی قرارداد کیوں جمع نہیں کرائی ،مسئلہ کشمیر پر 58 ممالک کی حمایت کی دعویدار حکومت 16 ممالک کی بھی حمایت حاصل نہیں کرسکی ،کشمیر کا مقدمہ لڑنے کیلئے قوم کی یکجہتی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرکے دشمنوں کو مضبوط کررہی ہے ،منقسم مزاج اور جھوٹوں کا ٹولہ قوم پر مسلط کردیا گیا ہے ،منقسم مزاج ،انتقام پسندی ،جھوٹے اعدادوشمار اور مخالفین کی آواز کو کچلنا اور خوشامدیوں کو عہدے دینا حکومت کی بڑی کرپشن ہے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر روکنا جمہوری روایات اور پارلیمان کی توہین ہے۔