سرگودھا میں پیر کے دم کے دوران تشدد کے باعث تشویشناک حالت میں جاںبحق ساڑھے چار سالہ بچہ سپرد خاک

پیر 23 ستمبر 2019 13:36

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2019ء) سرگودھا میں پیر کے دم کے دوران تشدد کے باعث تشویشناک حالت میں جاںبحق ساڑھے چار سالہ بچے کو چک 91 جنوبی بھٹیاں والا میں سپرد خاک کر دیا گیا۔پولیس تھانہ کینٹ نے واقعہ میں گرفتار عامل پیر کے خلاف تشدد کے درج مقدمہ کو زیر دفعہ 302 قتل میں ترمیم کر کے قانونی کاروائی تیز کر دی ۔زرائع کے مطابق نواحی چک 47 شمالی میں میں عامل پیر وسیم شاہ دم درود کا کام کرتا جس نے 26 اگست کو چک 91 جنوبی بھٹیاں والا کے عباس علی کے ساڑھے چار سالہ بچے عائہل رضا کو دم کرتے ہوئے جن نکالنے کے نام پر تشدد کا نشانہ بنا یا جس کی حالت غیر ہو گئی جسے تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر کے ابتدائی طبی امداد کے بعد لاہور ریفر کر دیا گیا جبکہ تشدد کے شکار بچے عائہل رضا کے والد عباس علی ولد محمد نواز سکنہ چک 91جنوبی بھٹیاں نے تھانہ کینٹ پولیس کو آگاہ کیا کہ وہ 26 اگست کو اپنے بیٹے ساڑھے چار سالہ عائہل رضا کو ساتھ لیکر پیر وسیم شاہ ولد عظمت حسین شاہ سکنہ 47شمالی کے پاس دم کروانے گیا جہاں پر عامل پیر نے دم کر کے جن نکالنے کے لئے میرے کمسن بچے پر تشدد کیا جس سے اس کی حالت غیر ہو گئی جو شدید مضروبی میں ڈی ایچ کیو ہسپتال زیر علاج ہے۔

(جاری ہے)

اس واقعہ پر آئی جی پنجاب ، آر پی او سرگودھا ڈی پی او سرگودہا کے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر کے فوری ملزم کی گرفتاری اور اندراج مقدمہ کا حکم دے دیا۔اس حکم پر تھانہ کینٹ پولیس نے فوری طور پر عامل پیر وسیم شاہ کو گرفتارکرکے یکم اکتوبر کو تشدد کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر رکھی تھی کہ اچانک تشویشناک حالت میں لاہور ہسپتال زیر علاج ریفر بچہ عائہل رضا دم توڑ گیا جس کی نعش سرگودھا لا کر میڈیکل رپورٹ طلب کر کے آبائی گاوں لیجائی گئی جہاں اسے سپردخاک کر دیا گیا۔پولیس تھانہ کینٹ واقعہ میں اس وقت گرفتار عامل پیر کے خلاف تشدد کے الزام میں درج مقدمہ کو زیر دفعہ 302 قتل میں ترمیم کرتے ہوئے مصروف کاروائی ہے۔