شاہد آفریدی کے 4 پسندیدہ بیٹسمین کون؟لالہ نے بتا دیا

ویرات کوہلی، بابر اعظم، سٹیو سمتھ اورجو روٹ پسندیدہ کرکٹر ہیں:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 23 ستمبر 2019 13:57

شاہد آفریدی کے 4 پسندیدہ بیٹسمین کون؟لالہ نے بتا دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23ستمبر2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے موجودہ دور میں اپنے 4 پسندیدہ بیٹسمینوں کے نام بتا دیئے۔شاہد آفریدی نے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر سوال جواب کے سیشن کے دوران ایک سوال کے جواب میں اپنے مداحوں کو بتایا کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی، بابر اعظم،سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ اوربرطانوی ٹیسٹ کپتان جو روٹ ان کے پسندیدہ کرکٹر ہیں۔

جب ایک اور مداح نے ان سے پوچھا کہ ویرات کوہلی اور بابر اعظم میں سے انہیں کون زیادہ پسند ہے تو بوم بوم نے جواب دیا کہ ’دونوں‘۔واضح رہے کہ ٹی 20 کرکٹ میں اس وقت صرف بابر اعظم اور ویرات کوہلی کے رنز کا اوسط ففٹی پلس ہے، بابر اعظم کا اوسط54.21جب کہ ویرات کوہلی کا اوسط 50 ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے لیے” آسک لالہ “ سیشن کا اہتمام کیا جس میں ان سے مختلف سوالات پوچھے گئے جن کے جوابات خاصے دلچسپ تھے۔

رات 10 سے ساڑھے 10 کے درمیان ہونے والے اس سیشن میں اداکار فہد مصطفیٰ نے بڑی امید سے پوچھا” آپ مجھے کال کب کریں گے؟ “۔
شاہد آفریدی کا ردعمل کچھ یوں تھا” جب آپ آسمان سے زمین پرآئیں گے“،
لالہ سے پوچھا گیا کہ” کیا آپ نے کبھی بیوٹی کریم استعمال کی؟ یا ٹیم کا کوئی اور کھلاڑی جو بیوٹی کریم استعمال کرتا ہو؟“،
اس پر شاہد آفریدی نے اپنا دامن بچاتے ہوئے ہنستے ہوئے کہا کہ ”میرا خیال ہے آپ احمد شہزاد سے پوچھ سکتے ہیں“۔

شبانہ نامی ایک صارف نے پوچھا ”لالا آپ شبانہ بھول گئے ہیں“؟
جواب میں آفریدی نے ”شبانہ مجھے بھول گئی “ کہتے ہوئے گیند انہی کے کورٹ میں لڑھکا دی۔
ایک صارف نے کڑھائی اور بریانی میں سے آفریدی کی پسند پوچھی تو انہوں نے بریانی کو ترجیح دی۔
ایک مداح نے پوچھا ”ہمیں اگلا شاہد آفریدی کب دیکھنے کو ملے گا“؟
آفریدی نے پورے اعتماد کے ساتھ جواب دیا کہ ”شاہد آفریدی صرف ایک تھا“۔

لالا کی ایک مداح نے ان سے رابطے میں رہنے کیلئے واٹس ایپ نمبر کی درخواست کی جو لالا نے دیا بھی ،یہ الگ بات ہے کہ وہ نمبر وجود نہیں رکھتا۔
ایک صارف نے ”تو مجھے قبول ، میں تجھے قبول “ کے علاوہ پسندیدہ گانا پوچھا تو سابق کپتان نے ان کی توقعات پر بھی بڑی مہارت کے ساتھ پانی پھیرا۔

ایک صارف نے پوچھا کہ مستقبل میں سیاست میں آنے کا اراد ہ؟ اگر ہاں تو کون سی جماعت میں شمولیت اختیار کریں گے؟،
بوم بوم کا دو لفظی جواب تھا ”ہوسکتا ہے“۔
غیر ملکی ٹیم کی کوچنگ سے متعلق سوال پرشاہد آفریدی نے جواب دیا کہ وہ نوجوانوں کی کوچنگ کرنا چاہتے ہیں۔
کسی ایک شہر کے بجائے پورے پاکستان کو اپنا پسندیدہ قرار دینے والے شاہد آفریدی نے نوجوان نسل کو پیغام دیا کہ اپنے والدین کے ساتھ اچھا سلوک کریں اور اپنے وطن سے محبت کریں۔