جہلم: انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس

ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ نے محکمہ تعلیم کے افسران کو تمام سرکاری و پرائیویٹ اسکولز میں صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل بنانے کی ہدایت کی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 23 ستمبر 2019 15:25

جہلم: انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت پرائیویٹ اسکول ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،23 ستمبر 2019ء، نمائندہ خصوصی، احسن وحید) انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر دفتر جہلم کمیٹی رُوم میں پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ نے کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں انسداد ڈینگی مہم بھرپور انداز میں جاری اور اینٹی ڈینگی ٹیمیں باقاعدگی سے مختلف مقامات پر سرویلنس میں مصروف ہیں۔

ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے اینٹی ڈینگی ٹیموں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیمیں آؤٹ دور میں کباڑ خانوں، ٹائر شاپس، قبرستانوں، پودوں کی نرسریوں اور ان ڈور میں فریج کی ٹرے، گملوں، کیاریوں، پانی کی ٹینکیوں اور دیگر جگہوں کو بھی روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں تاکہ لاروا کی افزائش کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ محکمہ ہیلتھ ڈینگی سرویلینس کے لیے اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائے، ڈینگی کی افزائش کے عمل کو روکنے کے لیے انڈور اور آؤٹ ڈور چیکنگ میں تیزی لائے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ تمام سرکاری و پرائیویٹ اسکول میں صفائی سُتھرائی کے انتظامات مکمل کیے جائیں، اس کے ساتھ ساتھ آگاہی بھی فراہم کی جائے۔

انہوں نے ہدایت دی ہے کہ ہیلتھ ٹیم کے ساتھ محکمہ تعلیم کے افسران، لوکل گورنمنٹ، میونسپل کمیٹی اور دیگر محکموں کی ٹیم مل کر کام کریں۔ جہلم کو ڈینگی فری بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ اس ضمن میں کوئی کوتاہی یا لاپرواہی نہیں ہونی چاہیے۔ ڈینگی سے بچاؤ اور حفاظتی تدبیر بارے تمام نجی و سرکاری سکولوں کی عمارتوں پر بینرز آویزاں کیے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور محکمہ صحت گھر گھر جا کر آگاہی کے ساتھ ساتھ انڈور اور آؤٹ ڈور سرگرمیاں جاری رکھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ روز مشین محلہ نمبر 1 اور مشین محلہ نمبر 2 میں ڈینگی کے حوالے سے چیکنگ کی۔ انہوں نے بتایا ہے کہ جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادن خان کے علاقوں کا میں خود بھی دورہ کر رہا ہوں۔ عوامی مفاد کے لیے مل جُل کر کام کرنا ہو گا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، ڈی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر اسد منوچر اور پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے نمائندگان کے علاوہ مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :