کشمیر میں انسانیت کا خون ہو رہا ہے:شاہد آفریدی

مودی یہ حرکتیں کرکے ہندوستان کا نام دنیا میں خراب کررہا ہے، اس سے پہلے کبھی کسی وزیراعظم نے نہیں کیا:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 23 ستمبر 2019 15:58

کشمیر میں انسانیت کا خون ہو رہا ہے:شاہد آفریدی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23ستمبر2019ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے حوالے سے کہا کہ ہم یہی کہہ سکتے ہیں کہ ظلم ہورہا ہے ظالم کی حکمرانی ہے، کشمیر میں انسانیت کا خون ہور ہا ہے، بیٹیاں، مائیں، بزرگ اور جوان مارے جارہے ہیں اور یہ ظلم ہو رہا ہے'۔ان کا کہنا تھا کہ اب ظلم چاہیے کسی مذہب کے خلاف ہو وہ ظلم ہے اور ظالم ظالم ہی ہے، آپ کو اپنی آواز اٹھانی پڑے گی، کشمیر میں 45 یا 46 دن ہوگئے ابھی تک وہ لوگ گھروں کے اندر ہیں یہ تو اللہ کو معلوم ہوگا کہ ان کے اوپر کیا گزر رہی ہے۔

(جاری ہے)

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں اور مودی یہ حرکتیں کرکے ہندوستان کا نام دنیا میں خراب کررہا ہے اس سے پہلے کبھی کسی وزیراعظم نے نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم وہاں کرکٹ کھیلتے رہے ہیں ہندوستان میں بہت سارے لوگ بڑے پڑھے لکھے اور سمجھدار ہیں اور پاکستان کے لوگوں سے بڑا پیار کرتے ہیں جس طرح ہم وہاں کے لوگوں سے کرتے ہیں۔شاہد آفریدی نے کہا کہ مودی اور اس کے پیروکار مجھے نہیں معلوم ہندوستان کو کس طرف لے کر جانا چاہ رہے ہیں۔