نریندر مودی نے امریکی سینیٹر کی اہلیہ سے معافی مانگ لی

مودی کے جلسے میں شرکت کی وجہ سے امریکی سینیٹر اہلیہ کو سالگرہ پر وقت نہ دے پائے،بھارتی وزیراعظم دونوں کے نجی معاملے میں کود پڑے، ویڈیو پیغام میں معافی مانگ لی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 23 ستمبر 2019 17:47

نریندر مودی نے امریکی سینیٹر کی اہلیہ سے معافی مانگ لی
ہیوسٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 ستمبر 2019ء) : عالمی دوروں پر اپنی بے تکی حرکتوں سے شہرت رکھنے والے بھارتی وزیراعظم نریندری مودی کو دورہ امریکا کے دوران سینیٹر جان کورنین کی اہلیہ سے معافی مانگنا پڑ گئی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہوسٹن میں بھارتی وزیراعظم نے ایک جلسے سے خطاب کیا جس میں امریکی سینیٹر جان کورنین نے بھی شرکت کی۔

جان کورنین نے بھارتی وزیراعظم کو بتایا کہ آج میری اہلیہ کی سالگرہ ہے تاہم وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ وقت گزارنے کے بجائے جلسے میں شرکت کے لیے آ گئے جس پر اہلیہ ناراض ہے۔نریندر مودی کسی پروٹوکول کا خیال کیے بغیر نجی معاملے میں کود پڑے اور ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں سینیٹر جان کورنین کی اہلیہ کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور ان سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میری وجہ سے جوڑا ایک ساتھ سالگرہ نہ منا سکا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ہیوسٹن میں گذشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے استقبال کے لیے جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں بھارتی وزیراعظم کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شریک ہوئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہیوسٹن میں بھارتی وزیر اعظم مودی کی تقریب میں شرکت کی اور بھارتی وزیراعظم کو عظیم دوست بھی قرار دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مودی کے ہیوسٹن میں منعقد کیے جانے والے جلسے میں تقریباً 50 ہزار افراد شریک ہوئے تھے۔

جنہوں نے مودی کا شاندار استقبال کیا۔ لیکن ایک طرف جہاں مودی کو این آر جی اسٹیڈیم میں مودی کے حمایتی موجود تھے وہیں مودی کے خلاف امریکہ کے مختلف مقامات پر احتجاج بھی کیے گئے جہاں ''گو مودی گو'' ، ''نازی مودی'' جیسے نعرے بلند ہوتے رہے ، مظاہرین نے مودی کے خلاف پلے کارڈز بھی اُٹھا رکھے تھے۔