Live Updates

علیم خان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش، عمرہ کی ادائیگی کے لیے 30 ستمبر کی سماعت میں حاضری سے استثنیٰ کی استدعا

پیر 23 ستمبر 2019 19:51

علیم خان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش، عمرہ کی ادائیگی کے لیے 30 ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے بیرون ملک روانہ ہو رہے ہیں، 30 ستمبر کی سماعت میں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے ڈیوٹی جج نے کہا کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست اسی روز متعلقہ عدالت میں دی جائے۔

پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں علیم خان انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند کے روبرو پیش ہوئے تو جج نے استفسار کیا کہ آپ کو عدالت نے 30 ستمبر کو طلب کر رکھا ہے، وارنٹ گرفتاری پہلے ہی واپس ہو چکے ہیں، پھر آج کیوں پیش ہو رہے ہیں۔ علیم خان کے وکیل شاہد نسیم گوندل نے عدالت کو بتایا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سید جواد عباس حسن نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جو ملزم کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کی یقین دہانی کے بیان حلفی پر واپس لیے گئے۔

(جاری ہے)

علیم خان نے عمرے کی ادائیگی کے لیے روانہ ہونا ہے، اس لیے 30 ستمبر کی سماعت کے لیے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے آرڈر میں لکھوا دیں کہ بیان حلفی کے تحت ملزم کو آج عدالت پیش کر دیا گیا ہے۔ جج نے کہا کہ آج کی حاضری لگا دیتا ہوں، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست آئندہ سماعت پر اسی روز متعلقہ کورٹ میں دیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات