بھارتی افواج نے گزشتہ 50 روز سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے،

عالمی برادری کشمیر کے مظلوم عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بند کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا وحدتِ امت کانفرنس سے خطاب

پیر 23 ستمبر 2019 20:20

بھارتی افواج نے گزشتہ 50 روز سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بھارتی افواج نے گزشتہ 50 روز سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ کشمیر کے مظلوم عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بند کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان علماء کونسل کی جانب سے منعقد کی گئی وحدتِ امت کانفرنس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امت مسلمہ کو اپنے مسائل پر خود اکٹھا ہونا ہوگا اور ان مسائل کا حل خود ہی تلاش کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس انتہائی اہم موقع پر منعقد کی جا رہی ہے کیونکہ ہ میں جن مسائل کا سامنا ہے اس کیلئے ہ میں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا پڑے گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے باہمی اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہ میں دنیا اور مسلم اٴْمہ کو متحد کر کے بھارت پر دبائو ڈالنا چاہیے کہ وہ قتل عام بند کر کے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دے۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملے کی پاکستان کی حکومت نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور پاکستان کی پارلیمان اور عوام بھی اس دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ صادق سنجرانی نے پاکستان کی عوام اور پارلیمان کی جانب سے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی عرب کے شاہ سلمان بن العزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کو تہہ دل سے مبارکباد بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب بے مثال تعلق رکھتے ہیں اور اس کی جڑیں سماجی و مذہبی مماثلتوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان حکومتی سطح کے علاوہ عوامی سطح پر بھی دل ایک دوسرے کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مضبوط کرنے میں علماء کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے اور آج کی یہ کانفرنس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر بھی پاکستان کا موقف واضح ہے اور پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کانفرنس کے انعقاد پر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور منتظمین کو مبارکباد دی۔ کانفرنس سے مختلف مکاتب فکر کے علماء ور مشائخ ، مختلف مسلم ممالک کے سفراء مندوبین اور سیاسی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔