محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں گزشتہ چند روز سے جاری شدید گرمی کی لہر کے بعد بدھ اور جمعرات کو ہلکی بارش کا امکان ظاہر کردیا

پیر 23 ستمبر 2019 23:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2019ء) محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں گزشتہ چند روز سے جاری شدید گرمی کی لہر کے بعد بدھ اور جمعرات کو ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا تھا تاہم پیر ہی سہ پہر میں شہر کے مختلف علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ کہی ہلکی اور کہی تیز بارش شروع ہوگئی۔شہر قائد کے مختلف علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، ملیر، گلشن اقبال، گلستان جوہر، کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

بارش کے باعث شہر میں گرمی کا زور کچھ حد تک کم ہوگیا جبکہ مضافاتی علاقے حب میں تیز ہوائیں چلنے کے باعث درخت اکھڑگئے اور گلشن اقبال میں سوک سینٹر پر نصب شیڈ گرگیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔قبل ازیں محکمہ موسمیات نے 21 سے 23 ستمبر تک کراچی میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا تھا اور گرمی کا یہ سلسلہ مزید ڈیڑھ سے 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق 25 سے 26 ستمبر (بدھ اور جمعرات کے روز) شہر میں ہلکی بارش کا امکان ہے ۔کراچی میں پیر کی صبح بھی شدید حبس اور گرمی کا راج رہا اور درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب پیر کو شہر کے مختلف علاقوں سے لوگوں نے فضا میں عجیب سی بو محسوس ہونے کی بھی شکایات کیں تاہم اس کی وجہ کا علم نہ ہوسکا۔خیال رہے کہ شہر قائد میں ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر بلدیہ کراچی کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔اس کے ساتھ حکومت سندھ نے بھی کراچی میں 21 سے 24 ستمبر تک ہیٹ ویو کے پیش نظر سرکاری ہسپتالوں میں خصوصی وارڈ کے قیام اور تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔#