Live Updates

کل بھارتی وزیراعظم نے بہت جارحانہ زبان استعمال کی

پاکستان تیار ہے لیکن دوسری طرف بھی ثالثی کی پیشکش قبول کرے تو تب ہی میں ثالثی کروا سکتا ہوں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

muhammad ali محمد علی پیر 23 ستمبر 2019 22:32

کل بھارتی وزیراعظم نے بہت جارحانہ زبان استعمال کی
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کل بھارتی وزیراعظم نے بہت جارحانہ زبان استعمال کی، پاکستان تیار ہے لیکن دوسری طرف بھی ثالثی کی پیشکش قبول کرے تو تب ہی میں ثالثی کروا سکتا ہوں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان ملاقات امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ہوئی ہے۔

اس ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ روز ہوسٹن جلسے میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کافی جارحانہ زبان کا استعمال کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کروانے کی پیش کش کی۔

(جاری ہے)

تاہم اس موقع پر یہ بھی کہا کہ پاکستان تو امریکا کی ثالثی کیلئے تیار ہے، لیکن بھارت اس سے انکار کر رہا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم سے بہت اچھے تعلقات ہیں تاہم جب تک بھارت بھی راضی نہیں ہوتا، تب تک وہ عملی طور پر ثالثی کا کردار نہیں ادا کر سکتے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ مجھ سے پہلےامریکی قیادت نے پاکستان سے اچھا سلوک نہیں کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانیوں کو شکرگزار ہونا چاہیئے کہ انہیں ایسا عظیم اور شاندار لیڈر ملا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں افغان مسئلے پر بات کرنا چاہتا ہوں یہ مسئلہ ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ اس ملاقات سے قبل وزیراعظم نے امریکی تھنک ٹینک سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ پاکستان نے نائن الیون حملوں کے بعد امریکا کا ساتھ دے کر غلطی کی تھی۔ اس غلطی کے باعث ہی پاکستان میں ہزاروں شہری شہید ہوئے، جبکہ پاکستانی معیشت کو اربوں ڈالرز کا نقصان بھی ہوا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات